مہاجرقومی موومنٹ کو سوچی سمجھی سازش کے تحت تصادم کی جانب دھکیلا جارہا ہے، آفاق احمد

کسی محاذ آرائی اور تشدد کا حصہ بننے کی بجائے صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں گے،بزرگوں اور نوجوانوں سے گفتگو

جمعہ 21 اگست 2015 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے اپنی رہائش گاہ پر کریم آباد اور لیاقت آباد سے آنے والے بزرگوں اور نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرقومی موومنٹ کو سوچی سمجھی سازش کے تحت تصادم کی جانب دھکیلا جارہا ہے لیکن کسی محاذ آرائی اور تشدد کا حصہ بننے کی بجائے صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں گے اور ”علم ۔

معیشت۔ انقلاب“ کے فلسفہ کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی ادارے گود لینے،نئے تعلیم اداروں کے قیام کیلئے کوششیں کی جائیں گی تاکہ مہاجروں کا جو نقصان گذشتہ تیس برسوں میں ہوا اسکے ازالے کی کوئی سبیل نکل سکے ۔آفاق احمد نے کہا کہ آج تعلیمی ادارے سیاسی اکھاڑے اور جیلیں مہاجر نوجوانوں سے بھری ہوئی ہیں،نوجوان اپنے گھر والوں اور قوم کا سہارا بننے کی بجائے گلی محلوں میں پہرے دینے اور جرائم کی غلاظت میں غوطے لگانے پر مجبور ہے تو اس کی ذمہ داری متحدہ پر عائد ہوتی ہے جس نے اپنی خواہشات اور غیروں کے مفادات کی تکمیل کیلئے مہاجر تشخص کو مسخ کیا۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں اچھی درسگاہوں اور اساتذہ کی کوئی کمی نہیں البتہ ایسا ماحول ضرور پیدا کردیا گیا جہاں درسگاہوں اور اساتذہ کا تقدس ختم ہوکر رہ گیا ہے ، بحال کرنے کیلئے ہم سے جو بن پڑا کریں گے کیونکہ ہمیں اپنی قوم کا مستقبل عزیز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر قوم کی علمی میراث اور اعلیٰ و ارفع روایات کوبچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،مہاجر عمائدین اور بزرگوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نوجوانوں کو سیدھا راستہ دکھانے کیلئے آگے آئیں ،اس نیک مقصد کیلئے مجھ سمیت مہاجر تحریک کا ہر کارکن انکے ساتھ کھڑا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :