جیکب آباد کے قریب گڑہی حسن مائنر شاخ کو 50فٹ شگاف، 400ایکڑ زرعی زمین ڈوب گئی، کئی دیہات زیر آب آگئے

پیر 24 اگست 2015 21:58

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) جیکب آباد کے قریب گڑہی حسن مائنر شاخ کو 50فٹ شگاف، 400ایکڑ زرعی زمین ڈوب گئی، کئی دیہات زیر آب آگئے، تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب گڑہی حسن مائنر شاخ کو قصبہ سلیم کھوسو کے مقام پر 50فٹ کا شگاف پڑنے کی وجہ سے 400ایکڑ سے زائدزرعی زمین ڈوب گئی جبکہ قصبہ سلیم کھوسو، قصبہ جعفرگولو، قصبہ احمد گولو سمیت دیگر قصبے زیر آب آگئے، شگاف کے بعد گاؤں والوں نے اپنی مددآپ کے تحت شگاف کو پر کرنے کی کوشش کی ہے تاہم محکمہ آبپاشی کا کوئی عملدار نہیں پہنچا ، گاؤں والوں کے مطابق شگاف کی اطلاع محکمہ آبپاشی کو دی مگر کوئی عملہ نہیں پہنچا جس کی وجہ سے ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کیا ہے مگر ابھی تک شگاف مکمل طور پر بند نہیں ہوسکا ہے ، گڑہی حسن مائنر کو شگاف کے باعث سینکڑوں افراد کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں مگر ان کی کوئی داد رسی کے لیے نہیں پہنچا ،علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی مدد کی جائے۔