الخدمت فاؤنڈیشن کمزور طبقے کو مضبوط بنانا چاہتی ہے‘ محمدعبدالشکور

پیر 24 اگست 2015 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمدعبدالشکور نے کہا ہے کہ مستحق افراد کی مدد ہماری مذہبی و اخلاقی ذمہ داری ہے اور ہمیں اس ذمہ داری کو ادا کرنا ہوگا‘ معاشرہ میں تبدیلی کے لیے مستحقین کی مدد کے ساتھ انہیں آگہی بھی فراہم کرنا ہوگی‘ اس کے بغیر تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی سینٹرل بورڈ آف مینجمنٹ کے ششماہی اجلاس کے دوسرے روز ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نائب صدر احسان اﷲ وقاص‘ سیکرٹری شاہد اقبال‘ ڈپٹی سیکرٹری محمد اویس قاسم‘ اسسٹنٹ سیکرٹری اعجازاﷲ خان‘ انجینئر عبدالعزیز‘ محمد سلیم چوہدری‘ فیض الباری‘ طلعت ظہیر‘ نویدہ انیس‘ کلثوم رانجھا‘ نیشنل ڈائریکٹرز سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ناگہانی آفات سے بچاؤ‘ صحت عامہ‘ تعلیم‘ صاف پانی‘ کفالت یتامیٰ‘ مواخات اور سماجی خدمات کے حوالے سے آئندہ 6ماہ کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔

محمدعبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق لوگوں کی خدمت کر رہی ہے اور اس کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرہ کے کمزور افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہوگا۔ ہم کمزورطبقے کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ باوقار طریقہ سے زندگی گزارسکیں۔ اس سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اپنے حصے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے تمام ذمہ داران کو ہدایت کی کہ منصوبہ بندی کے مطابق آئندہ چھ ماہ کے اہداف بھی حاصل کیے جائیں۔