پولیس افسران کرپشن اور بددیانتی کی بجائے ایمانداری اور محنت کو اپنا شعار بنائیں، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال باقر رضا

پیر 24 اگست 2015 22:15

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمدباقر رضا نے کہا ہے کہ پولیس افسران کرپشن اور بددیانتی کی بجائے ایمانداری اور محنت کو اپنا شعار بنائیں،تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز خطرناک اشتہاری مجرمان‘ عدالتی مفروران اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے وارداتوں میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں،وہ یہاں پولیس لائن میں پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر اے ایس پی یوٹی محمد زبیر اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ضیاء الحق بھی موجود تھے۔ انہوں نے پولیس افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عدالت کی طرف سے جاری ہونے والے احکامات پر عملدرآمد کیا جائے اور جاری شدہ سمنات‘ وارنٹ اور روبکار کی تعمیل بروقت اصالتاًکروائی جائے اور متعلقہ پولیس افسران مقررہ تاریخ پر بروقت حاضری کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

احکامات پر عمل درآمد نہ کرنیوالے پولیس افسران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ خطرناک مجرمان اشتہاری اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کیلئے دئیے گئے ٹارگٹ حاصل نہ کرنیوالے افسران کیخلاف تادیبی کاروائی اور ٹارگٹ حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات و تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کرنیوالے اپنا قبلہ درست کرلیں۔ شکایت کی صورت میں معاف نہیں کیا جائیگا۔ رشوت لینے اور دینے والے دونوں خطاکار ہیں ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی انتہائی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :