ملکی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، ملک کے جنوب ،شمالی سرحدوں پر کشیدگی کی صورتحال ہے، شاہ محمد شاہ

ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلاجواز فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہورہے ہیں، مودی سرکار کی جانب سے مذاکراتی عمل کو تعطل کرنا اچھی بات نہیں

پیر 24 اگست 2015 22:22

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمود شاہ نے کہا ہے کہ ملکی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، جبکہ ملک کے جنوب اور شمالی سرحدوں پر کشیدگی کی صورتحال ہے،ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلاجواز فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہورہے ہیں، مودی سرکار کی جانب سے مذاکراتی عمل کو تعطل کرنا اچھی بات نہیں،کشمیر معاملے پر سودے بازی نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر پریس کلب میں صدر مملکت ممنون حسین کے معاون برائے انسانی حقوق چوہدری طارق محمود، منارٹی ونگ سندھ کے جنرل سیکریٹری کیئل داس کوہستانی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف خطے میں امن کے خواہشمند ہیں اور امن سے ہی خوشحالی آئے گی، جس کے لئے بھارت کو چاہیے کہ مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالات بہتر ہورہے ہیں، ناراض بلوچوں سے مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی ناراض بلوچ رہنماؤں نے ہتھیار ڈال کر مذاکرات کیے ہیں، انہوں نے کہا کہ ن لیگ حکومت کی مثبت پالیسیوں سے ملکی معیشت مضبوط ہوئی ہے،ملک سے بجلی بحران کے خاتمے کے لئے بجلی کے منصوبے تعمیراتی مراحل میں ہیں۔عمران خان سیاسی طالبعلم ہیں جو کہ دوسروں کے اشاروں پر چل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے اگر ایم کیو ایم کو آپریشن کے حوالے سے خدشات ہیں تو مذاکرات کے ذریعے ظاہر کریں، وفاقی حکومت ان کے جائز خدشات کو ختم کرنے کے لئے تیار ہے، اس کے لئے متحدہ کو بھی مذاکراتی عمل کو جاری رکھنا چاہے۔

شاہ محمود شاہ نے کہا کہ ن لیگ نے سندھ میں امن و امان بحال کرنے کے لئے کردار ادا کیا ہے،بلدیاتی انتخابات میں سندھ کے تمام اضلاع میں امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے، سندھ کو کسی بھی صورت تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔اس موقع پر امام الدین کھوسو، احسان سومرو، خورشید میرانی و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔