نارتھ کراچی، نیو کراچی پولیس سے مقابلوں میں لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان ہلاک

نیو کراچی رحمانیہ موڑ پر راہگیروں سے لوٹ مار کرنے والا ایک ڈاکو پولیس نے مار ڈالا، جو پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث تھا

پیر 24 اگست 2015 22:23

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) نارتھ کراچی اور نیو کراچی میں پولیس سے مقابلوں کے دوران لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ نور جہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد سخی حسن چورنگی کے پاس واقع ایک شادی ہال کے باہر 2 ملزمان اسلحے کے زور پر لوٹ مار کر رہے تھے۔ ایس ایچ او جمال لغاری کے مطابق مذکورہ شادی ہال میں نیو کراچی تھانے اے ایس آئی بھی موجود رتھا جس سے ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی اور اس نے ملزموں سے مزاحمت کی تو قریب میں موجود علاقے کی پولیس موبائل میں موجود اہلکار پہنچ گئے اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس کے مطابق ،ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل، نقدی اور تین موبائل فون بر آمد ہوئے ہیں، تاہم ہلاک ملزم کی فوری شناخت نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے نیو کراچی رحمانیہ موڑ پر ایک ملزم راہگیروں سے لوٹ مار کر رہا تھا، ایس پی فیصل نور کے مطابق گشت پر موجود اہلکار جب وہاں پہنچے اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم نے پولیس موبائل پر کلاشنکوف سے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم مارا گیا، جس کی شناخت عبدالرحمان عرف گوگا پٹھان کے نام سے ہوئی، جو سٹریٹ کرمنل اور پولیس اہلکار سیف اﷲ کے قتل میں ملوث بتایا جاتا ہے، ملزم کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بر آمد کر لی گئی ہے اور اس کی لاش کاروائی کے لئے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :