سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین کا پشاور کا دورہ ، دہشت گردی سے نمٹنے اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے جدید پولیس نظام بارے میں بریفنگ

پیر 24 اگست 2015 22:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین نے خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے اقدامات اور خصوصاً پولیس اصلاحات کو بھر پور انداز میں سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور ان کی اتحادی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور نظام کی تبدیلی کو پاکستان میں گڈ گورننس کی بہترین مثال قرار دیا ہے تفصیلات کے مطابق سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پیر کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے پر مدعو تھے ظہرانے کے بعد سینٹ کمیٹی کے ارکان وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی دعوت پر خیبرپختونخوا پولیس کا جدید نظام دیکھنے کیلئے اچانک شرقی پولیس سٹیشن جا پہنچے جہاں اُنہیں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں جرائم پر قابو پانے، دہشت گردی سے نمٹنے اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے جدید پولیس نظام کے بارے میں بریفینگ دی گئی آئی جی پولیس ناصر خان درانی بھی وزیراعلیٰ اور سینٹ کمیٹی کے اراکین کی آمد کی اطلاع پا کر پولیس سٹیشن پہنچ گئے اور انہیں تفصیلی بریفینگ دی تھانہ شرقی کا دورہ کرنے والے سینٹ قائمہ کمیٹی کے ارکان میں فرحت اﷲ بابر، سید مشاہد حسین ، محمد الیاس بلور اور جاوید عباسی شامل تھے کمیٹی کے اراکین نے تھانہ شرقی میں قائم کئے گئے جدید رپورٹنگ روم کا بھی دورہ کیا جس کا افتتاح وزیراعلیٰ نے پیر کی صبح ہی کیا تھا کمیٹی کے اراکین نے پولیس کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم خصوصاً رپورٹنگ روم، آن لائن ایف آئی آر رجسٹریشن کے نظام ، دہشت گردی کی روک تھام کے جدید اقدامات، جائے وقوعہ کے تفتیشی نظام، ٹریفک جام ، پولیس تک رسائی کے نظام ، سکولوں کو دہشت گردی سے تحفظ دینے کے اقدامات، پولیس افسروں اور اہلکاروں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی آلات کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ اور متعدد دیگرسرگرمیوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے اسے پاکستان کا نہیں بلکہ کسی ترقی یافتہ ملک کا نظام قرار دیا کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ پشاور آکر معلوم ہو اہے کہ خیبرپختونخوا میں واقعی تبدیلی آ گئی ہے بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے رکن سینٹر سید مشاہد حسین نے کہاکہ کمیٹی کے تمام اراکین کیلئے پشاور کا دورہ اس لحاظ سے کافی مفید رہا کہ انہیں خیبرپختونخوا حکومت کی اصلاحات کے حقیقی نتائج دیکھنے کا موقع ملا اُنہوں نے کہاکہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی میں سات سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہے اور تمام ارکان خیبرپختونخوا حکومت کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور خیبرپختونخوا حکومت کو ان کامیابیوں کی مبارکباد دینے میں شریک ہیں اُنہوں نے اس امر پر حیرانی کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخواحکومت نے دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ میں ہونے کے باوجود ایسی تبدیلی کو حقیقت کا روپ دیا جس کا فائدہ صرف صوبے کے عوام کو ہو گا مشاہد حسین نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین یہ حقیقت دیکھ کر حیران رہ گئے ہیں کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک صوبے میں انقلاب لے آئے ہیں جو پاکستان میں گڈ گورننس ، پولیس کی بہترین کارکردگی اور دیانتداری کے علاوہ اعلیٰ قیادت اور وژن کی بہترین مثال ہے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک پاکستان کے سینئر سیاسی لیڈر ہیں اور اُنہوں نے اپنی قوت ارادی سے مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :