صوبائی حکومت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے ،بلدیاتی ایکٹ میں اختیارات کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضروری ترامیم تجویز کی گئی ہے،الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اقدامات کرے

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی چیف الیکشن کمشنر طاہر علی شاہ سے گفتگو

پیر 24 اگست 2015 22:44

گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہوسکیں، بلدیاتی ایکٹ کو گزٹ میں شائع کرنے کی منظوری دی ہے ، ماضی میں سیاسی بنیادوں پر ڈی لیمیٹیشن کی مسلم لیگ (ن) کی حکومت میرٹ پر ڈی لمیٹیشن الیکشن کمیشن کے ذریعے کرائیگی، بلدیاتی ایکٹ میں اختیارات کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضروری ترامیم تجویز کی گئی ہے، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اقدامات کرے۔

صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کو فعال بنانے کیلئے بھر پور تعاون کریگی۔ گلگت بلتستان میں حالیہ پر امن اور شفاف انتخابات کا انعقاد کرانے سے پوری دنیا میں گلگت بلتستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا جسکی عالمی اداروں نے اور میڈیا نے تعرف کی۔

(جاری ہے)

حالیہ پر امن انتخابات میں افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین رہا ہے جس پر افواج پاکستان اور الیکشن کمیشن تعریف کے مستحق ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پالیسی زیرو ٹالیرنس ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے جمہوری عمل مکمل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان جسٹس (ر) طاہر علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

حکومت بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد یقینی بنائیگی۔ وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تمام اداروں میں کفایت شعاری یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں جسکا آغاز وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سے کیا ہے قومی وسائل کو عوام کی تعمیر و ترقی کیلئے استعمال کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ یونین کونسل کے ممبران انتخابات غیر جماعتی بنادوں پر کرایا جائیگاجبکہ چیئرمین اور وائس چیئرمینوں کا انتخاب جماعتوں بنیادوں پر کرایا جائیگا وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ پرا من انتخابات کی وجہ سے پوری دنیا میں گلگت بلتستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔

وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف افواج پاکستان کے تعاون سے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں گلگت بلتستان میں امن وامان قائم ہونے سے اس سال بڑی تعداد میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا حکومت سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور خوبصورت سیاحتی مقامات کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ سال مذید مقامی اور بین الاقوامی سیاح گلگت بلتستان آئینگے۔