سندھ میں دھاندلی، مسلم لیگ (ن) آج الیکشن کمیشن کواحتجاج ریکارڈکرائیگی

مسلم لیگ ن سندھ کے صدرمحمداسماعیل راہو،نہال ہاشمی ،سیدشاہ محمدشاہ،اسلم ابڑوہمراہ ہوں گے

جمعہ 6 نومبر 2015 17:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 نومبر۔2015ء) پہلے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کے دوران سندھ میں ریکارڈ دھاندلی ،خوریزی ،من پسندآراوزکی تعیناتیوں ،جعلی شناختی کارڈزپرہزاروں ووٹ بھگتانے اورسرکاری مشنری استعمال کرنے کے خلاف مسلم لیگ ن سندھ کے رہنماء آج ایک بجے الیکشن کمیشن کواحتجاج ریکارڈکرائیں گے،مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری اطلاعات محمداسلم ابڑوکے مطابق مسلم لیگ ن کے میڈیاسیل سے جاری ایک بیان میں کہاگیاہے کہ مسلم لیگ ن سندھ کے صدرمحمداسماعیل راہو،جنرل سیکریٹری نہال ہاشمی ،سینئرنائب صدرسیدشاہ محمدشاہ،منارٹی ونگ سندھ کے رہنماؤں اورسیکڑوں کارکنوں کے ہمراہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران بدترین دھاندلیوں،پولنگ عملہ کوڈرانے دھمکانے ،پریزائڈنگ افسران کی تبدیلی، جعلی شناختی کارڈ پرووٹ بھگتانے ،من پسندحلقہ بندیوں اورآراوزکے خلاف آج ایک بجے الیکشن کمیشن کے دفترکے سامنے اپنااحتجاج ریکارڈ کرائیں گے ،اسماعیل راہونے کہاکہ سندھ میں پہلے مرحلے کے دوران ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلیوں سے متعلق ہمیں شدید تحفظات ہیں،الیکشن میں نے ضابطگیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کوپہلے بھی آگاہ کیاتھاآج پھراپنااحتجاج ریکارڈکرائیں گے، مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری اطلاعات محمداسلم ابڑونے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں خواتین کے ہزاروں جعلی شناختی کارڈ بناکرجعلی ووٹ ڈالے گئے یہ تماثبوت الیکشن کمیشن کوپیش کریں گے ،انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی الیکشن کمیشن کوآگاہ کیاتھا آخروہی ہواسندھ میں ووٹرزکی جگہ جعلی ووٹ ڈلواکرلوگوں کولاشوں کاتحفہ دیاگیا،اسلم ابڑونے کہاکہ سندھ میں پہلے مرحلے کے دوران ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں ریکارڈ دھاندلی اوربے گناہ ووٹرزکی ہلاکتیں الیکشن کمیشن کے لئے ایک سوالیہ نشان ہیں،پارٹی رہنماؤں نے اگلے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سیکورٹی سے متعلق شدیدتحفظات کااظہارکیاہے۔