امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث بین الاقوامی کموڈیٹی مارکیٹس گزشتہ ہفتے شدید دباؤ میں رہیں

اتوار 8 نومبر 2015 15:43

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 نومبر۔2015ء) امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث بین الاقوامی کموڈیٹی مارکیٹس گزشتہ ہفتے شدید دباؤ میں آگئیں اور بیشتر صنعتی دھاتوں کی عالمی قیمتوں میں کمی ہوئی تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمنی اور چین کی طلب گرنے کے باعث کمزور ڈیمانڈ بھی قیمتیں گرنے کی بڑی وجہ ہے۔ایک موقع پر لندن میٹل مارکیٹ میں تانبے کی قیمت 4ہزار981ڈالر فی ٹن پر آگئی جو ستمبر کے بعد سے کم ترین سطح ہے تاہم بعد میں ریکوری دیکھی گئی۔

امریکی تجزیہ کار کریگ ارلام نے کہاکہ امریکی جاب رپورٹ آنے سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے جس کا اثر کموڈیٹیز پر پڑا خاص طور پر تانبے پر شدید دباؤ ہے۔یونی کریڈٹ اینالسٹ کے مطابق امریکی بینکاری ریگولیٹر کے تیور دیکھ کر تمام مارکیٹس دباؤ میں ہیں اور تمام دھاتوں کی قیمتیں گری ہیں، دسمبر میں شرح سود میں اضافے کیلیے دروازہ کھلا رکھنے کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قدر بڑھے گی اور قیمتیں دباؤ میں رہیں گی تاہم صنعتی دھاتوں میں کمی چین کے کمزورمیکرواکنامک ڈیٹا کی وجہ سے بھی ہو رہی ہے جو طلب میں کمی کے رجحان کو ظاہر کررہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چین میں سست روی سے پیداواری سرگرمیاں سکڑ گئیں تھی، دوسری طرف جرمن صنعتی پیداوار میں بھی کمی ہوئی خصوصاً مینوفیکچرنگ اور صنعتی شعبوں میں سرگرمیاں گھٹ گئی ہیں۔ جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن کی میٹل ایکس چینج میں تانبے کی قیمت 5ہزار 119 ڈالر سے گھٹ کر 5ہزار12ڈالر فی ٹن رہ گئی جبکہ ایلومینیم کی قیمت 1 ہزار 476 ڈالر سے بڑھ کر 1ہزار 511 ڈالر فن ٹن ریکارڈ کی گئی۔

ایلومینیم کی پیداوار بڑھنے کی وجہ پیداوار میں کمی بتائی جا رہی ہے، گزشتہ ہفتے لندن مارکیٹ میں لیڈ کی قیمت 1 ہزار 698 ڈالر سے گھٹ کر 1 ہزار 663ڈالر فی ٹن، ٹین کی 14ہزار975ڈالر سے کم ہو کر 14ہزار600ڈالر فی ٹن، قلعی کی 10 ہزار 135 ڈالر سے گھٹ کر 9 ہزار 720 ڈالر فی ٹن اور جست کی قیمت 1 ہزار 687 ڈالر سے کم ہو کر 1 ہزار 666 ڈالر فی ٹن رہ گئی۔

متعلقہ عنوان :