Live Updates

بھاری کمیشن پر مبنی من پسند میگا منصوبوں کیلئے عوام سے کاروبار اور چھت نہ چھینی جائے‘عبدالعلیم خان

پنجاب حکومت اورنج لائن پراجیکٹ پر نظر ثانی کرے ،پی ٹی آئی متاثرہ شہریوں کے ساتھ کھڑی ہو گی

اتوار 8 نومبر 2015 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء ) چےئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھاری کمیشن پر مبنی من پسند میگا منصوبوں کیلئے عوام کے منہ سے دو وقت کی روٹی اورسر چھپانے کی چھت کو نہ چھینا جائے ،نواز لیگ ہر 6مہینے کے بعد تعمیر شدہ سڑکوں کو دوبارہ ادھیڑ کر لوگوں کو اُن کے کاروبار سے محروم کر رہی ہے ،اورنج لائن کا منصوبہ لاہور کے ہزاروں شہریوں کیلئے معاشی موت کا باعث بن رہا ہے جس کے ذریعے دوکانوں اور مارکیٹوں کو مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ کچی آبادیوں اور چھوٹے گھروں میں رہنے والوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے جس پر عوام سراپا احتجاج ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ سول سو سائٹی اور تحفظ ماحولیات کے گروپس بھی اس منصوبے کی شدید مخالفت کر رہے ہیں لیکن حکمران "میں نہ مانو ں"کی رٹ لگائے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پنجاب حکومت سے اورنج لائن پراجیکٹ پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف متاثرہ شہریوں کے ساتھ کھڑی ہو گی باالخصوص این اے122اور پی پی147میں گرائی جانے والی کچی آبادیوں کے مکینوں کو لاوارث نہیں چھوڑا جائیگا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور کے شہریوں کا مطالبہ پینے کا صاف پانی ،تعلیم ،صحت اور تھانوں میں انصاف کی فراہمی ہے جس پر حکو مت آنکھیں بند کیے ہوئے بیٹھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر خاموش نہیں رہیں گے اور متاثرہ خاندانوں کا بھرپور ساتھ دیا جائیگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات