پیرس حملوں میں ملوث ایک اور خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی گئی

بدھ 9 دسمبر 2015 16:12

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء ) پیرس حملوں میں ملوث ایک اور خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ،یہ شخص ان حملہ آوروں میں سے ایک تھا جنھوں نے بتاکلان تھیٹر میں خودکش دھماکے کیے تھے۔فرانسیسی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ پیرس کی پولیس نے گذشتہ ماہ شہر میں ہونے والے حملوں میں ملوث ایک اور شخص کی شناخت کر لی ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ شخص ان حملہ آوروں میں سے ایک تھا جنھوں نے بتاکلان تھیٹر میں خودکش دھماکے کیے تھے۔

پیرس کے مختلف مقامات پر ہونے والے حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے 90 بتاکلان تھیٹر میں ہونے والے حملے میں مارے گئے تھے۔زیادہ تر فرانسیسی میڈیا نے تیسرے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم لی پیریشیئن اخبار نے کہا ہے کہ یہ شخص فواد محمد اغاد تھا جس کا تعلق سٹراسبرگ سے تھا۔

(جاری ہے)

اخبار نے ’قابلِ اعتبار ذرائع‘ کے حوالے سے کہا ہے کہ فواد شام سے فرانس واپس آیا تھا۔

فرانسیسی پولیس بتاکلان میں خودکش حملے کرنے والے دو افراد کی شناخت کر چکی ہے جن کے نام 29 سالہ عمر اسماعیل مصطفیٰ اور 28 سالہ سمیع امیمور بتائے گئے تھے۔اس سے قبل یونان میں پولیس نے انکشاف کیا تھا کہ پیرس میں ہونے والے حملوں سے قبل جنوری میں ان حملوں کے مبینہ سرغنہ عبدالحمید اباعود کو پکڑنے کی کوشش کی تھی تاہم یہ آپریشن ناکام رہا تھا۔

بیلجیئم کے انسداد دہشت گردی کے ایک ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ بیلجیئم میں چھاپہ مار کارروائیوں سے قبل ایتھنز میں عبدالحمید اباعود کو پکڑنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی تھی تاہم ایسا ممکن نہ ہوسکا۔عبدالحمید اباعود ایتھنز سے فون کے ذریعے بیلجیئم میں سیل کو ہدایات دے رہے تھے۔خیال رہے کہ عبدالحمید اباعود 13 نومبر کو پیرس میں حملوں کے پانچ دن بعد فرانسیسی پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہوگئے تھے۔