سابق کپتان رمیز راجہ نے ماضی کی رن مشین محمد یوسف کیساتھ صلح کی پیشکش ٹھکرا دی

جمعہ 1 جنوری 2016 12:40

سابق کپتان رمیز راجہ نے ماضی کی رن مشین محمد یوسف کیساتھ صلح کی پیشکش ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ماضی کی رن مشین محمد یوسف کے ساتھ صلح کی پیشکش ٹھکرا دی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں رمیز راجہ اور یوسف فاسٹ بولر عامر کے معاملے پر ایک ٹی وی پروگرام کے دوران آپس میں الجھ پڑے تھے، جس پر رمیز کا غصہ ابھی تک ٹھنڈا نہیں ہوا، وہ یوسف کی معذرت تک قبول کرنے کو تیار نہیں ‘ایک بھارتی اخبار سے بات چیت میں رمیز نے کہا کہ یوسف کے بارے میں بات کرنا وقت کا ضیاع ہے، سابق اوپنر سعید انور نے مجھے فون کرکے کہا کہ یوسف اپنی تلخ کلامی پر معافی مانگنا چاہتے ہیں تاہم میں نے واضح کردیا کہ مجھے اس سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، میں ایسے لوگوں سے کوئی تعلق نہیں رکھ سکتا جن کا اپنا مخصوص ایجنڈا ہو ‘ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ یوسف کے بارے میں بات کرنا ہی وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

جب رمیز سے پوچھا گیا کہ اگر وہ یوسف کے اتنے ہی مخالف ہیں تو ان کے ساتھ ٹی وی پروگرام میں شریک ہی کیوں ہوئے تو انھوں نے کہاکہ میں قبول کرتا ہوں کہ مجھ سے اندازے کی غلطی ہوئی مگر میں اس سے پہلے بھی یوسف کے ساتھ ٹی وی پر چند شوز کرچکا ہوں۔ عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے رمیز راجہ نے کہاکہ اس بارے میں بھی میرے موقف میں ذرا برابر بھی تبدیلی نہیں آئی، دوسرے مختلف رائے رکھ سکتے ہیں لیکن میں نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ جس نے ایک بار ملکی وقار پر سمجھوتہ کیا اسے پھر سے موقع قطعی نہیں دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :