اسرائیلی عدالت نے ہوٹل پرحملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں دو فلسطینیوں پر فرد جرم عائد کردی

جمعہ 1 جنوری 2016 14:16

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) اسرائیلی عدالت نے بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے 2فلسطینی شہریوں پر مقبوضہ فلسطین کے بڑے ہوٹل پرحملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔اسرائیلی عبرانی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ملٹری پراسیکیوٹر جنرل نے بیت المقدس کے دو شہریوں پر فرد جرم عائد کئے جانے کی خبرمیڈیا کو جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینیوں خلیل النمری اور اشرف سلائمہ پرالزام ہے کہ انہوں نے ساحلی شہر ایلات کے ہوٹل میں فدائی حملے میں ہوٹل کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم پولیس نے انہیں وقت سے پہلے ہی حراست میں لے لیا تھا۔عبرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بئر سبع کی عدالت نے دونوں فلسطینیوں خلیل النمری اور اشرف سلائمہ کیخلاف دو الگ الگ مقدمات میں فرد جرم عائد کی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی پراسیکیوٹرجنرل نے کہا کہ دوران حراست ایک فلسطینی نے بتایا کہ اس نے انٹرنیٹ سے بم تیار کرنے کی تربیت حاصل کی تھی۔ ذرائع نے کہا کہ دونوں فلسطینی اس ہوٹل میں ملازمت کرتے تھے۔ تاہم پولیس کو ان پرشبہ ہوا۔ انہیں حراست میں لیا گیا۔ دوران تفتیش انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ہوٹل پرحملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔