سندھ حکومت کی افسر شاہی پر گرفت نہ ہونے اور سندھ حکومت کو دبئی سے چلایا جانا اس بات کا غمازی ہے کہ سندھ حکومت ناکام ہوچکی ہے،نواب راشد علی خان

جمعہ 1 جنوری 2016 22:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریڑی نواب راشد علی خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی افسر شاہی پر گرفت نہ ہونے اور سندھ حکومت کو دبئی سے چلایا جانا اس بات کا غمازی ہے کہ سندھ حکومت ناکام ہوچکی ہے پیپلز پارٹی عوامی مسایٔل کو حل کرنے کے بجائے صرف اپنی حکومت اور کرپشن میں ملوث لوگوں کو بچانے میں اپنی توانیاں صرف کررہی ہے۔

وہ اپنی رہائشگاہ پر آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر زاہد شاہ ، فقیر سلطان ، مگھن منگریو اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نواب راشد علی خان نے کہا کہ سندھ کی سیاسی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے پورے سندھ کی فضاء میں جمود کی کیفیت طاری ہے تما م تر ترقیاتی عمل اس گونا گوں کی صورتحال میں رکا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کویٔ پروگرام نہیں ہے سندھ حکومت سے لاکھ درجے اچھی کارکردگی بلوچستان حکومت کی رہی ہے خیبر پختونخواہ اور پنجاب حکومت نے بھی اپنے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے پھر بھی کوئی نہ کوئی پروگرام تو دیا ہے لیکن سائیں سرکار کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کرپشن کا عالمی ریکارڈ توڑنا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کسانوں مزدوروں اور صنعتکاروں سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور انہوں نے نہ ہی سندھ کے عوام کے لیے کوئی ترقیاتی پروگرام رکھا گیا ہے سندھ میں بیروزگاری کا جن بے قابو ہوتا جارہا ہے نہ کوئی سندھ میں بڑی صنعت لگ رہی ہے نہ سرکاری ملازمتیں مل رہی ہے گنے کے کاشتکار مناسب نرخ نہ ملنے پر پریشان ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام پانی ، بجلی سے تو محروم تھے ہی اب گیس کو بھی ان کی دسترس سے دور کردیا گیا ہے سندھ کے عوام کو رینجرز نے جو امن وامان بحال کرکے دیا تھا سندھ حکومت اس کو بھی تباہ کرنے کے درپے ہے ایسی صورتحال میں سندھ میں گورنر راج کی آوازوں کا سنا جانا کوئی اچھی بات نہیں۔

متعلقہ عنوان :