آلو کی موسم خزاں کی فصل کی برداشت رواں ماہ شروع کرنے کی ہدایت

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:19

فیصل آباد۔2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو آلو کی موسم خزاں کی فصل رواں ماہ جنوری کے آخرتک برداشت کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگرچہ فصل کی برداشت کا وقت بڑی حد تک فصل کے پکنے پر منحصر ہے تاہم جنوری کے آخر تک آلوکی موسم خزاں کی فصل پک کر تیار ہو جاتی ہے اس لئے کاشتکارماہرین زراعت کی مشاورت سے مذکورہ ایام میں آلوکی برداشت کا عمل شروع کر سکتے ہیں ۔

ایک ملاقات کے دورا ن انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو آلو کی فصل کی برداشت سے کم از کم 2ہفتے قبل آبپاشی روک دینی چاہیے اور دوران برداشت اس امر کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ برداشت کے موقع پر آلو زخمی نہ ہو کیونکہ اس طرح جہاں سرد خانوں میں رکھے گئے آلو جلد خراب ہو جاتے ہیں وہیں منڈی میں بھی ان کی بہت کم قیمت حاصل ہو تی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر آلو کو دوسے تین دن تک سایہ میں رکھا جائے تو ان کا چھلکا سخت ہوجائے گا اس طرح گریڈنگ اور بوریوں میں بھرائی کے دوران آلو کے چھلکے نہیں اتریں گے اورآلو خراب ہونے سے محفوظ رہے گا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ سرد خانوں میں بھیجنے والے آلوؤں کو صاف ستھرے کھلے سراخوں والی بوریوں میں رکھنا چاہیے تاکہ وہ کسی بیماری کے حملے سے خراب نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار آلو کی بھرائی کے لیے آٹے والی بوریاں ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ان میں آلو خراب ہونے کا خدشہ ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی معلومات ، مشاورت یا رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا فری ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔