انٹر چینج کی تعمیر میں معیار کو مدنظر رکھ کرمقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے‘وزیر اعظم جس طرح ملک میں انفراسٹرکچر او رسڑکوں کی تعمیر کے لیے کا م کر رہے ہیں ،اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی

وفاقی وزیر امورکشمیر وگلگت بلتستان برجیس طاہر کی موٹروے پر زیر تعمیر سانگلہ ہل انٹر چینج کی تعمیر کا جائزہ لیتے ہوئے گفتگو

ہفتہ 2 جنوری 2016 19:29

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہاہے کہ جس طرح وزیراعظم محمد نواز شریف ملک میں انفراسٹرکچر اور موٹرویزکی تعمیر کے لیے کام کررہے ہیں اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ وہ ہفتہ کو موٹروے پر زیر تعمیر سانگلہ ہل انٹر چینج کے تعمیراتی کام کا جائز ہ لیتے ہوئے گفتگو کررہے تھے ۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو موٹرویز کے ذریعے سے چین او ر وسطی ایشیائی ریاستوں سے ملانے سے متعلق محمد نواز شریف کا وژن بلا شبہ اس پورے خطے کی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کی جماعت محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کو ایسا پاکستان دیں گے جو کہ اس پورے خطے کی اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز ہو گااور اس خطے کا سب سے اہم تجارتی ہب اور روٹ کے طور پر مانا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے موٹروے پر سانگلہ ہل انڑ چینج کی تعمیر پر وزیر اعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے اس اقدام سے ضلع ننکانہ ،سانگلہ ہل اور شاہ کوٹ کے عوام اُن کے انتہائی مشکور ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس انٹرچینج کی تعمیر سے ایک طرف تو علاقے کے لوگوں کا رابطہ باقی ملک سے انتہائی بہترہو جائے گا جس سے اقتصادی اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی تو دوسری طرف اس انٹرچینج کی تعمیر سے علاقے کے طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بڑے شہروں کو جانے میں بے پناہ آسانی فراہم ہو جائے گی۔

اس کے علاوہ دنیا بھر سے ہر سال ضلع ننکانہ کا رخ کرنے والے ہزاروں کی تعداد میں سکھ یاتری بھی اس انٹر چینج کی تعمیر سے بھی مستفید ہونگے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بھی انتہائی مشکور ہیں کہ جنہوں نے سانگلہ ہل تا شاہ کوٹ سڑک کی تعمیر نوکے لیے اُن کی درخواست منظور کر لی ہے اور جس کی وجہ سے بھی علاقے کے عوام کو بہترین سفری ، تعلیمی اور صحت کی سہولیات میسر ہوجائیں گی۔اس موقع پر سانگلہ ہل انڑ چینج کی تعمیر کے پروجیکٹ منیجرنے اس کی تعمیر سے متعلق تفصیلات سے وفاقی وزیر کوآگاکیا۔وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایت کی کہ اس منصوبے کی تعمیر میں معیار کو خصوصی طورپر مدنظر رکھتے ہوئے اس کی تعمیر مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے۔

متعلقہ عنوان :