سکردو ،پبلک سکول اینڈ کالج میں بے ضابطگیاں عروج پر پہنچ گئیں ،با اثر طلبہ کو کامیاب قرار دینے کیلئے رولز تبدیل کیے جانے کا انکشاف

ہفتہ 2 جنوری 2016 22:55

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء )پبلک سکول اینڈ کالج میں بے ضابطگیاں عروج پر پہنچ گئیں ۔با اثر طلبہ کو کامیاب قرار دینے کیلئے تعلیمی ادارے کے رولز تبدیل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔معتبر ذرائع نے بتایا کہ سکردو کا معروف تعلیمی ادارہ انتظامی عملے کی من مانیوں کے باعث زوال پذیر ہو رہا ہے ۔اور ادارے میں انتظامی سطح پر بے ضابطگیوں کے باعث تعلیمی ماحول خراب ہو تا جارہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی ساری توجہ طلبہ و طالبات کی تعلیم و تربیت کی بجائے تعمیراتی منصوبوں پر ہے ۔

(جاری ہے)

جسکی وجہ سے سالانہ امتحانی نتائج بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ 2015میں مختلف کلاسوں میں ایک دوسبجکیٹ میں فیل ہونے والے طلبہ کیلئے بر سوں کی پالیسی چند با اثر طلبہ کیلئے مسترد کر تے ہوئے نتائج میں فیل ہونے والے طلبہ کو بھی کامیاب قرار دیا گیا ہے ۔ذرائع نے دستاویزات کو ثبوت کے طور پرپیش کر تے ہوئے انکشاف کیا کہ درجنوں طلبہ ایسے ہیں جو رزلٹ شیٹ کے مطابق 2مضامین میں فیل ہوگئے ہیں اور ریمارکس میں بھی فیل ظاہر کئے گئے ہیں لیکن انکا تعلق بااثر خاندان سے ہونے کی وجہ سے انہیں کامیاب قرار دیکر اگلی کلاس میں داخل کر دیا گیا ہے ۔