النمر کو سزائے موت سعودی سیاستدانوں کو قدرت کی طرف سے سزا ملے گی، ایرانی سپریم رہنماآیت اللہ خامنہ ای

اتوار 3 جنوری 2016 16:26

النمر کو سزائے موت سعودی سیاستدانوں کو قدرت کی طرف سے سزا ملے گی، ایرانی ..

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 جنوری۔2016ء ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سعودی عرب کی طرف سے معروف شیعہ مذہبی رہنما النمر کو سزائے موت دینے پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ النمر کو سزائے موت سعودی عرب کی بڑی سیاسی غلطی ہے اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے،سعودی سیاستدانوں کو’قدرت کی طرف سے سزا‘ ملے گی۔

(جاری ہے)

ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی سیاستدانوں کو نمر باقر المنر کو ہلاک کرنے پر ’قدرت کی طرف سے سزا‘ ملے گی۔ خامنہ ای نے النمر کو دی گئی سزائے موت کو سعودی حکام کی ’سیاسی غلطی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ گزشتہ روز سعودی عرب نے دہشت گردی کے جرم میں کل 47 افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا تھا، جن میں چھپن سالہ النمر بھی شامل تھے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی اس اقدام پر ریاض حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔