گنے کی خرید کے کم نرخ‘ کاشتکاروں کا سندھ حکومت کیخلاف احتجاج کا اعلان

پیر 4 جنوری 2016 14:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) سندھ حکومت کی جانب سے گنے کے مقرر ہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرا نے پر کاشتکار تنظیموں نے 11جنوری کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی کے سامنے دھرنا دینے اور گھیراؤ کر نے کا اعلان کیا ہے۔ اندرون سندھ کے علاقوں میں کاشتکاروں نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کیلئے بھر پور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شوگر مل مالکان کاشتکاروں سے سرکاری نرخ 182 روپے فی من کے بجائے 150روپے فی من کے حساب سے گنا خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو شدید معاشی نقصان ہو رہا ہے۔

کاشتکارتنظیموں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کے باوجود حکومت سندھ شوگر مل اونرز کو سرکاری نرخوں کے مطابق گنے کی خریداری کا پابند نہیں بنا رہی اور شوگر مل اونرز اپنی من مانیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ چند ہفتے قبل کاشتکاروں کی جانب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کی کوشش کے دوران ہو نیوالے مذاکرات میں حکومت سندھ کے ذمہ داران نے کاشتکاروں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ گنے کے سرکاری نرخ دلوائے جائیں گے مگر عملی طور پر اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

متعلقہ عنوان :