کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے‘ڈپٹی کمشنر کوٹلی

منگل 5 جنوری 2016 15:25

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء)یوم حق خودارادیت اس عہد کی تجدید کے ساتھ قومی تقریبات کمیٹی کے زیراہتماممنایاگیاکہ جب تک مقبوضہ کشمیربھارت کے چنگل سے آزادنہیں ہوجاتاکشمیری حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے۔ یوم حق خودارادیت کے سلسلہ میں ضلعی ہیڈکوارٹر پرسب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنرآفس سے ریلی نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنرچوہدری امجداقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری حق نواز، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن خواجہ ساجد پہلوان،اسسٹنٹ کمشنرراجہ قیصراورنگزیب، ڈی ایس پی راجہ اظہراقبال، انجمن تاجراں کے راہنماؤں سہیل شجاع مجاہد، چوہدری محمدنعیم، تنویرغازی، راجہ خالد خان، خالد رتیال، قومی تقریبات کمیٹی کے سیکرٹری جنرل الطاف حمیدراؤ، پریس کلب کے سیکرٹری جنرل شجاع عزیز جرال، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرراجہ راشدتراب، سید قیصر شیراز کاظمی، اکرم مغل، جریدہ وغیرجریدہ ملازمین، ٹیچرآرگنائزیشن، وکلاء، صحافیوں سمیت دیگر افراد نے کی۔

(جاری ہے)

شرکاء ریلی ہے حق ہماراآزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی، کشمیربنے گاپاکستان، تحریک آزادی کشمیرزندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔ ریلی میں مختلف سکولوں کے طلباء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے۔ ریلی ضلع کچہری ، علامہ اقبال روڈ سے ہوتی ہوئی چوک شہیداں میں اختتام پذیرہوئی۔ اس موقع پرقومی تقریبات کمیٹی کے سیکرٹری جنرل الطاف حمیدراؤنے مختلف قراردادیں پیش کیں جنھیں اتفاق رائے سے منظور کرلیاگیا۔

ان قراردادوں میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ 05 جنوری 1949 کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کوحق خودارادیت دلائیں۔ ایک اورقرارداد میں اقوام متحدہ اورعالمی طاقتوں سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں گذشتہ 67 سالوں سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم وجبربندکروائیں اورکشمیریوں کو مسلمہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھارت پردباؤڈالیں۔

ایک اور قرار دادمیں مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک حریت کی حمایت اور تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی کے لیے ہرقسم کی قربانی دینے کااعادہ کیاگیا۔ ایک اورقراردادمیں حکومت پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کی طرف سے مسئلہ کشمیراورحق خودارادیت کے لیے جراتمندانہ موقف اختیارکرنے پراہل کشمیرکی طرف سے انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاگیا۔

ایک اورقراردادمیں حکومت پاکستان کی مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے کوششوں کوزبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاگیا۔ ایک اورقرارداد میں پاک فوج کی طرف سے دہشت گرد ی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پرچیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی اعلی عسکری خدمات پرانھیں خراج تحسین پیش کیاگیا۔ایک اورقرارداد میں مطالبہ کیاگیاکہ پاک بھارت مزاکرات میں مسئلہ کشمیرکے اصل فریق کشمیریوں کوبھی شامل کیاجائے تاکہ اس مسئلہ کے دوررس نتائج مرتب ہوسکیں۔ اس موقع پرپاکستان کی ترقی ، خوشحالی وسلامتی ، تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی ، عالم اسلام کی سربلندی کے لیے دعاکی گئی۔