شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کے حقوق کی خاطر اپنی جان قربان کی، انہیں سلام پیش کرنے آئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

بھٹو کی قیادت جدوجہد، قربانی، جذبے اور خدمت سے مالامال ہے، آرٹس کونسل میں بھٹو کی یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب

منگل 5 جنوری 2016 22:57

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ آج یہاں پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سلام پیش کرنے آئے ہیں جنہوں نے عوام کے حقوق کی خاطر اپنی جان قربان کردی، بھٹو کی قیادت جدوجہد، قربانی، جذبے اور خدمت سے مالامال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ کے آرٹس کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 88 ویں یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایوب خان کو چھوڑ کر میدان میں آئے جنہوں نے غریبوں، کسانوں اور نوجوانوں کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی بنائی، پاکستان کو آئین دیا اور پی پی پی کا بھی آئین بنایا جس پر پارٹی رہنما، ورکر اور جیالے عمل پیرا ہیں، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی اس آئین پر عمل کررہے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کے لیے جو جدوجہد کی وہ صدیوں تک یاد رہے گی، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کے قراردادوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے ہم کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تک بھی لڑسکتے ہیں جس کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو انڈیا گئے جہاں پر انہوں نے انڈیا کے حکمرانوں سے مذاکرات کرکے 90 ہزار فوجی قیدی آزاد کروائے اور 8 ہزار مربہ زمین واپس کروائی یہ وہ زمین ہے جہاں ہمیں کربوں روپیوں کا کوئلہ مل رہا ہے، شہید بھٹو عوام کی خدمت پر یقین رکھتے تھے، وہ اپنے پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کو کہتے تھے کہ بیٹھنے کا وقت نہیں ہے اور آپ کو ہمیشہ عوام کی خدمت کے لیے خود کو وقف کریں، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے زمینی اصلاحات لائے جس کے تحت 3 ہزار ایکڑ زمین غریب کسانوں میں تقسیم کی جس کے بعد پورے ملک کے اندر لاکھوں ایکڑ زمین غریب کسانوں میں تقسیم کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آرٹس کونسل لاڑکانہ میں وزیراعلیٰ سندھ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 88 وین سالگرہ کے موقعے پر 88 پاؤنڈ کا کیک کاٹا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینیئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو حوصلہ اور شعور دیا اور حقوق دے کر عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنایا، 1970 میں انہوں نے ایک فرد کا ایک ووٹ تسلیم کروایا اور اپنے دور اقتدار میں نیوکلیئر دیا، بڑی بڑی شاہرائیں تعمیر کروائے، محنت کشوں اور کسانوں کو اپنے حقوق دیئے۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا ہم شہید کی پارٹی کے پیروکار ہیں ہمارے شہید قائدین پاکستان کی عوام کے لیے مشعل راہ تھے۔ تقریب سے ایم پی اے محمد علی بھٹو، پی پی پی ضلع لاڑکانہ کے سینیئر نائب صدر خیرمحمد شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ دوران تقریب اسکولی بچوں نے ٹیبلوز پیش کیے اس سے قبل سالگرہ کا کیک کاٹنے کے بعد جیالے کیک پر ٹوٹ پڑے ہر کسی نے کیک پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کرتے رہے۔