‫1497 کریڈٹ کارڈز رکھنے والا شخص ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گیا۔ 11 لاکھ پاؤنڈ کی شاپنگ کر سکتا ہے‬

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 6 جنوری 2016 00:07

‫1497 کریڈٹ کارڈز رکھنے والا شخص ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گیا۔ 11 لاکھ پاؤنڈ ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 5جنوری۔2016ء)1497 کریڈٹ کارڈ رکھنے والے شخص کا نام باقاعدہ طور پر گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کر لیا گیا ہے۔شرط لگانے کے نتیجے میں شروع ہونے والے کریڈٹ کارڈ جمع کرنے کے شوق نے والٹر کاواناگ کو ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بنا دیا۔اس کے تمام کریڈٹ کارڈز کی لمبائی 250فٹ اور ان کا وزن 2.7 سٹون(17.15 کلو گرام) ہے۔ والٹر کے تمام کریڈٹ کارڈز میں سے 800 اب بھی ایکٹو ہیں۔

والٹر ان کارڈ کو اپنے بنک کے سیفٹی باکس میں رکھتا ہے۔ گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے اسے مسٹر پلاسٹک فنٹاسٹک(Mr Plastic Fantastic) کا خطاب دیا۔ والٹر 1971 سے کارڈ جمع کر رہا ہے۔ اس نے بتایا کہ 1960 کی دہائی میں اس کی اپنے دوست سےشرط لگی کہ سال کےآخر تک جس کے پاس بھی سب سے زیادہ کارڈ ہونگے وہ دوسرے سے مفت ڈنر کھائے گا۔

(جاری ہے)

سال کےآخر تک والٹر کےپاس 143 اور اس کے دوست کے پاس 138 کریڈٹ کارڈز جمع ہوچکے تھے۔

والٹر اپنے تمام کارڈز سے 11 لاکھ پاؤنڈ کی شاپنگ کر سکتا ہے۔ اس کا کریڈٹ سکور بھی بہترین ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ صرف ایک ہی کارڈ استعمال کرتا ہے اور ماہانہ ادائیگی وقت پر کرتا ہے۔ والٹر کو کارڈ جاری کرنے والوں میں ائیرلائنز، پیٹرول پمپ اور بار وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے کارڈ میں 33.95 پاؤنڈ کی حد کا ایک کارڈ بھی شامل ہے۔والٹر کو آج تک صرف ایک ہی کمپنی نے کارڈ دینے سے انکار کیا ہے۔ 1970 کی دہائی میں جے جے نیوبری نے اس کے بہت زیادہ کریڈٹ کارڈ ہونے پر اسےکارڈ دینے سے انکار کیا تھا۔