صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان سے نئے چیف سیکرٹری کی ملاقات

جمعہ 8 جنوری 2016 17:02

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 جنوری۔2016ء) صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان سے آزاد کشمیر کے نئے چیف سیکریٹری محمد جلال سلطان سکندر راجہ نے ملاقات کی۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے نئے چیف سیکریٹری کو چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ریاست کو اچھی شہرت کے حامل تجربہ کار، ایماندار، معاملہ فہم اور سمجھدار چیف سیکریٹری کی ضرورت تھی۔

آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے یہاں کی ضروریات اور طرز حکومت اور رموز سیاست پاکستان کے دیگر صوبوں سے قطعی مختلف ہیں۔ نئے چیف سیکریٹری محمد جلال سکندر سلطان راجہ کا ٹریک ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ وہ تجربہ کار، ایماندار اور اچھی شہرت کے حامل ہیں۔ امید ہے کہ ان کے آنے سے ریاست میں گڈ گورننس ہو گی۔

(جاری ہے)

تعمیر و ترقی میں مزید پیشرفت ہو گی اور سرکاری محکمے نظم و ضبط کے پابند ہوں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ لینٹ افسران پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان تعلقات اور رابطے کا پل ہوتے ہیں،ان کی بہتر کارکردگی اور حسن سلوک اچھے تعلقات کی مضبوطی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ ادوار میں بعض چیف سیکریٹری صاحبان نے بہت بہتر کام کیا، آج بھی لوگ انہیں اچھے الفاظ میں یاد کرتے ہیں۔ امید ہے کہ نئے چیف سیکریٹری بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انمنٹ نقوش چھوڑیں گے۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری محمد جلال سکندر سلطان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کام کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، مجھے ریاست کی خدمت کا موقع ملا ہے، میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاوٴں گا۔ آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کا قیام مالی نظم و ضبط اور تعمیر و ترقی میری اولین ترجیح ہو گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف آزاد کشمیر کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پن بجلی اور سیاحت کے شعبوں میں ترقی کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ ان دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :