ایران شیخ نمر النمر کی سزائے موت کے معاملے میں ترک صدر رجب طیب اردوغان

کے کردار سے متعلق غلط اطلاعات پھیلانا بند کرے:ترک وزرات خارجہ کا بیان

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 8 جنوری 2016 20:23

ایران شیخ نمر النمر کی سزائے موت کے معاملے میں ترک صدر رجب طیب اردوغان

انقرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 08 جنوری۔2015ء) ترکی نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں شیعہ عالم شیخ نمر النمر کی سزائے موت کے معاملے میں ترک صدر رجب طیب اردوغان کے کردار سے متعلق غلط اطلاعات پھیلانا بند کرے۔ترک میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں ترک حکام نے انقرہ میں ایرانی سفیر کو طلب کر کے کہا ہے کہ ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ میں اس بارے میں خبروں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

ترک وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ترکی نے ایران سے ان اطلاعات کے بارے میں احتجاج کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ شیخ نمر النمر کی سزائے موت پر عمل درآمد کا تعلق ترک صدر کے حالیہ دورہ ریاض سے تھا۔وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم ایسے بیانات کی سختی سے مذمت کرتے ہیں جن میں ہمارے صدر پر الزامات لگائے گئے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس قسم کی خبروں کی اشاعت روکی جائے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ترکی کے نائب وزیراعظم نعمان کرتلمس نے شیخ النمر کی سزائے موت پر تنقید کی تھی تاہم بعد میں صدر اردوغان نے اسے سعودی عرب کا داخلی معاملہ قرار دیا تھا۔ترک حکام نے تازہ بیان میں ایک بار پھر ایرانی دارالحکومت تہران اور مشہد میں سعودی عرب کی سفارتی عمارتوں پر حملوں کی بھی مذمت کی ہے۔ترک حکومت ایران اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک سے پرسکون رہنے کا اپیل کرتی رہی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس تنازعے سے علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب اور خطے میں اس کے کئی حلیف ممالک نے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں دوسری جانب ایران کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ریاض تہران میں سعودی عرب کے سفارتخانے پر حملے کو جواز بنا کر کشیدگی پیدا کر رہا ہے۔