میر واعظ کی بھارتی پنجاب میں کشمیری لڑکے کے قتل کی مذمت

ہفتہ 9 جنوری 2016 14:38

سرینگر ۔ 09 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے بھارتی پنجاب میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں بارہ سالہ کشمیری لڑکے ارشاد احمد لون کے قتل کی سخت مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ اس طرح کے واقعات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیری بھارت میں محفوظ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لڑکے کے قتل کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کر کے قاتلوں کو کڑی سزا دینے کامطالبہ کیا۔ دریں اثنا ہنڈواہ کے علاقے وایوساکاونار میں مقتول لڑکے کے جنازے میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں نے بھارتیہ جنتاپارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے خلاف زبردست نعرے لگائے ۔ انہو ں نے کہا کہ لڑکے کو محض کشمیری ہونے کی بنا پر قتل کیاگیا۔ انہوں نے مجرموں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر عبدالرشید نے نماز جنازہ کے شرکا ء سے خطاب میں کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک کشمیریوں کے خون کو پانی سے زیادہ سستا سمجھا جاتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :