معذور افراد قابلیت اور صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ، انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں،وہ تھوڑی سی توجہ سے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں ، حکومت معذور افراد کی فلاح و بہبود اور ان کو ترقی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی معذور افراد پر مشتمل وفد سے گفتگو

پیر 11 جنوری 2016 22:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ معذور افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں جن پر اگر تھوڑی سی توجہ دی جائے تو یہ بھی عام افراد کی طرح ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں ،حکومت ان افراد کی فلاح و بہبود اور ان کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔

پیر کو ان خیالات کا اظہار انہو ں نے معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر خالد جمیل کی قیادت میں معذور افراد پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبے کو اپنی ذات کا حصہ بنا کر ہم اپنی زندگی کو سہل اور آخرت کو خوبصورت بنا سکتے ہیں انسانی تاریخ گواہ ہے کہ جنہوں نے خدمت انسانیت کو اپنا شعار بنایا وہ مرنے کے بعد زندہ و جاوید رہے اور ہمیشہ کے لیے اپنے آپ کو امر کر گئے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ایسے افراد کو عام زندگی میں واپس لانے اور ان کی تربیت کرنے والے درحقیقت عظمت انسان کی معراج پر ہیں جو دنیا اور آخرت میں یقینا ممتاز مقام حاصل کریں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ قابلیت اور صلاحیتوں کے اعتبار سے یہ افراد کسی طرح سے بھی کسی سے کم نہیں ، انہیں نظر انداز کرنے کی بجائے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے چاہیئں ۔

انہو ں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے ، ملازمتوں میں ان کے لیے کوٹہ ہو یا تعلیمی اداروں میں ان کے لیے مخصوص نشستیں ، ان کو ترقی کرنے کے تمام مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایسی لاتعداد مثالیں موجود ہیں جن میں ان افراد نے اپنی معذوری کو کمزوری بنانے کی بجائے حالات کا مقابلہ کیا اور ترقی کی منازل طے کیں ۔

بعد ازاں پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کا مقصد صنعت کاروں کو ایسا ساز گار ماحول فراہم کرنا ہے جس میں وہ اپنی توانائیوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف عوام کوریلیف دیں بلکہ زرمبادلہ میں زیادہ سے زیادہ اضافے کا باعث بھی بنیں ۔ انہو ں نے کہا کہ ادویہ سازی ملک کا اہم صنعتی شعبہ ہے جو تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار اس شعبہ سے وابستہ ہے اس کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ادویہ سازی کی صنعت میں ہونے والی ترقی خوش آئند ہے اس شعبے کوباقاعدہ صنعت کا درجہ دے کر اس کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ اس اہم شعبے نے ادویہ سازی کے حوالے سے نہ صرف ملکی ضروریات کو پوراکیا ہے اور آج پاکستانی عوام مہنگے داموں درآمدی ادویات کی بجائے اپنے ملک میں تیار ہونے والی معیاری اورسستی ادویات استعمال کر رہے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ یہ شعبہ برآمدات کے اہداف حاصل کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے جس کے لیے حکومت ان کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صنعت سے وابستہ پالیسیاں مرتب کرنے کے دوران اگر صنعت کاروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے تو نہ صرف پالیسیاں زیادہ بہتر بن سکتی ہیں بلکہ صنعت کے مسائل کو بھی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ فارما سیوٹیکل سیکٹر کو ریگولیٹ کرنے ، نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن اور ادویات کی برآمدات کے حوالے سے ہونے والی تاخیر کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔انہو ں نے کہاکہ یہ شعبہ اعلی تحقیق کا مرہون منت ہے اور ملک میں کام کرنے والی فارما سیوٹیکل کمپنیاں اس شعبے میں بین الاقوامی معیار کو پورا کرتی ہیں ۔گورنر پنجاب نے اس شعبے کی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لیے ایسوسی ایشن کی طرف سے تحریری تجاویز پیش کرنے اور اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔وفد نے ادویہ سازی کی صنعت کے حوالے سے گورنر پنجاب کی معلومات پر خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پران کا شکریہ ادا کیا ۔