گورنر پنجاب کا پرائیویٹ سکولوں کے معاملے پر جاری آرڈیننس آئین و قانون سے متصادم ہے، ابرار احمد خان

جمعہ 15 جنوری 2016 22:37

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے سابق صدر ابرار احمد خان نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب نے پرائیویٹ سکولوں کے معاملے پر جو آرڈیننس جاری کیا ہے وہ آئین و قانون سے متصادم ہے اور بنیادی حقوق کے خلاف ہے یہ آرڈی ننس نجی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی ایک سازش ہے پنجاب حکومت نے 2014ء میں پرائیویٹ سکولوں سے متعلق کوئی نوٹیفیکیشن یا آرڈی ننس جاری نہیں کیا تھا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے اپنی فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کرسکیں گے۔

پرائیویٹ سکولوں نے اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے 2014ء میں مناسب فیسوں میں اضافہ کیا تھا اب گورنر پنجاب نے جو آرڈی ننس جاری کیا ہے اس کے مطابق نجی تعلیمی اداروں نے 2014ء میں جو فیسوں میں اضافہ کیا تھا وہ نجی تعلیمی اداروں کو فوری اور 2011ء سے 2015ء تک جو نجی تعلیمی اداروں نے فیسوں میں اضافہ کیا تھا وہ 6ماہ کے اندر واپس کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ آرڈی ننس پرائیویٹ سکولوں کے مالکان اور بچوں کے والدین کو لڑانے کی سازش ہے اس آرڈی ننس کو ہماری تنظیم مسترد کرتی ہے پنجاب حکومت تمام پرائیویٹ سکولوں کو سکیورٹی فراہم کرے تاکہ وہ دلجمعی سے بچوں کو تعلیم دے سکیں۔

ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے سابق صدر ابرار احمد خاں نے واہ کینٹ اور ٹیکسلا کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ابرار احمد خان نے کہا کہ اس آرڈی ننس کو جاری کرنے کے مقصد بلدیاتی انتخابات میں عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنا تھا۔ تاکہ وہ بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پبلک سیکٹر کے سکولز تباہ ہوچکے ہیں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی وجہ ہی سے خواندگی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن حکومت ان اداروں کی کوئی حوصلہ افزائی نہیں کر رہی بلکہ ان کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام چھوٹے بڑے پرائیویٹ سکولوں کو 23 قسم کے ٹیکس بھی ادا کرنے پڑتے ہیں۔ ہم نے گورنر پنجاب کے آرڈی ننس اور ڈی سی او لاہور کے نوٹیفیکیشن کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اور لاہور ہائی کورٹ نے ہمارے ان دونوں کیسوں میں حکم امتناعی بھی جاری کر رکھا ہے۔

اس کے باوجود پنجاب کے ای ڈی او ایجوکیشن پرائیویٹ سکولوں کو شوکاز نوٹسز بھجوا رہے ہیں ابرار احمد خان نے کہا کہ پنجاب کی نوکر شاہی، خادم پنجاب کے خلاف نفرت پھیلانے کیلئے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف ایک نیا قانون بنانے کیلئے پنجاب اسمبلی سے ایک بل پاس کروانا چاہتی ہے۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ سازشی عناصر سے ہوشیار رہیں اور ایسے اقدامات نہ کریں جو علم دشمنی کے مترادف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ متنازعہ ریگولیٹری برائے قانون سازی ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔ پرائیویٹ سکولوں کے چیک اینڈ بیلنس کیلئے 84ء کا لازمی رجسٹریشن آرڈی ننس موجود ہے اس کی موجودگی میں پنجاب حکومت کو مزید قانون سازی کی ضرورت نہیں ہے۔ ابرار احمد خان نے کہا کہ دہشت گردوں نے حال ہی میں سکولوں پر حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے جس سے پرائیویٹ سیکٹر میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دہشت گرد بڑے تربیت یافتہ ہوتے ہیں ۔ پرائیویٹ سکولوں کے سکیورٹی گارڈ ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ پنجاب حکومت تمام پرائیویٹ سکولوں کو سکیورٹی فراہم کرے تاکہ وہ دلجمعی سے بچوں کو تعلیم دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :