تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت عوامی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، چودھری عبدالمجید

ہفتہ 16 جنوری 2016 15:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت عوامی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ بیس کیمپ کی حکومت نے جس روڈ میپ پر اپنا سفر شروع کر رکھا ہے وہ آزادکشمیر کے عوام کا مقدر سنوا ر دے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ کیا اور آزادکشمیر کے عوام کا بین الاقوامی ریاستی تشخص اجاگر کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ماضی کے تیل مالش کرنے والے حکمرانوں نے آزاد خطہ کے عوام کو بقاؤ مال سمجھے رکھا اور جان بوجھ کر انہیں قبیلوں اور علاقوں کی سیاست میں الجھا کر پسماندہ رکھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے عوامی حقوق کا استحصال کیا اور خوش آمدی پالیسیوں سے آزادکشمیر کو کھنڈرات میں بدل دیا جبکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیے جس سے آج آزاد کشمیر کے عوام بلا تخصیص برادری و علاقہ مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آج دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام بھی شہر جیسی سہولتوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ انسانیت کی فلاح و بہبود ہی ہماری سیاست کا محور و مرکز ہے۔ ہم کسی معاوضے کی طلب گارنہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہم نے عوامی حقوق کے تحفظ کا عہد کر رکھا ہے۔ عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کریں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہم عقیدے اور نظریے کی سیاست کرتے ہیں۔ ہم پارٹی ویژن کے مطابق خدمت خلق کے جذبہ پر عمل پیرا ہیں۔ پیپلزپارٹی عوامی طاقت کا نام ہے۔ 2011 کے انتخابات میں ہم نے عوام کو جو منشور دیاحکومت میں آتے ہی اس کو عملی جامعہ پہنایا۔ 2016 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی ہی عوامی عدالت سے سرخرو ہو گی ۔ عوام کا استحصال کرنے والے پیشہ ور سیاست دان پیپلزپارٹی کا راستہ نہیں روک سکتے۔

2016 کے انتخاب میں دوبارہ حکومت بنا کر عوام کے فلاح و بہبود کے ایجنڈے کی تکمیل کریں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر یہاں کشمیر ہاؤس میں دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے سیاسی و سماجی وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق، وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر، وزیر ہاؤسنگ چوہدری پرویز اشرف، وزیر صحت سردار قمرالزمان، وزیر قانون اظہر گیلانی،وزیر برقیات راجہ فیصل راٹھور، وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب،وزیر بحالیات عبدالماجد خان، وزیر امور منگلا ڈیم محمد حسین سرگالہ، وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر سید عزادار حسین شاہ اور وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان،وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر یاسر ممتاز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دریں اثناء تارکین وطن کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ دنیا کی مہذب اقوام مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائے اور بھارت کو انسانیت کے قتل عام سے بعض رکھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام نے بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خلاف جو جدوجہد شروع کر رکھی ہے۔

ریاست کے 7لاکھ سے زائد کشمیریوں نے اس جدوجہد میں اپنا لہو بہایا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تاریخ کی لازوال قربانیاں دے کر کشمیر ایشو کو دنیا کو فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے انٹرنیشنل کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ کشمیر ایشو کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کشمیر ایشو تقسیم ہند کے منصوبے کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔ ریاستی عوام اس ایجنڈے کی تکمیل کر کے رہیں گے۔