پشتون ایس ایف خیبرپختونخوا ‘ بلوچستان ‘ کراچی تک محدود نہیں ،ملک انعام کاکڑ

ملک گیر سطح پر پشتون طلباء کی مترقی ‘ نمائندہ قوم دوست تنظیم ہے ،صوبائی صدر پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن

ہفتہ 16 جنوری 2016 23:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر ملک انعام کاکڑ صوبائی ترجمان ناصر میانی نے لاہور میں پنجاب یونیورسٹی پی ایس ایف کے زیراہتمام استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتون ایس ایف صرف خیبرپختونخوا بلوچستان کراچی تک محدود نہیں بلکہ ایک ملک گیر سطح پر پشتون طلباء کی مترقی ‘ نمائندہ قوم دوست تنظیم ہے اس دوران پی ایس ایف کے رہنماؤں نے انتھک جدوجہد کی ہے اور ان اکابرین اور شہیدوں کے خون کے نذرانوں کی برکت ہے کہ فیڈریشن ایک تناور درخت کی حیثیت اختیار کر چکا ہے انہوں نے لاہور کے ساتھیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے وطن سے سینکڑوں میل دور اپنے علم کے حصول کی خاطر جو سفر شروع کیا ہے وہ یقیناً مستقبل میں اپنی قوم اور وطن کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرے گا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پشتون وطن کی نمائندہ قومی جماعت کی حیثیت سے ملک کے اندر جمہوری سیاسی انداز میں جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کی اس قومی جدوجہد میں پشتون ایس ایف کے جوانوں نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے ٹارچر سیلوں ‘ اذیتوں ‘ ملک بدری ‘ حتیٰ کہ جانوں کے نذرانوں سے دریغ نہیں کیا آج بھی ہم اور آپ کو دو چند ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں آج پنجاب کے حکمران پشتونوں کے معاشی قتل کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں گوادر کاشغر اقتصادی راہداری پر پنجاب کے حکمران لکھاری ‘ ادیب اور دانشور یک زبان ہو کر غلط اور منفی پروپیگنڈے کررہے ہیں جو ایک انتہائی غلط اور ناروا عمل ہے لہٰذا ہم نے علم کے حصول کو مقصد بناتے ہوئے اپنی قومی تحریک کی سائنسی ‘ شعوری بنیادوں پر ساتھ دینا ہے اس موقع پر مسعود مندوخیل ‘ حمید اﷲ شاہد خان فرید اﷲ ‘ اسلم خان اور دیگر بھی موجود تھے بعدازاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا