وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے غیر ملکی دوروں کا ریکارڈ قائم کر دیا

اڑھائی سال کے عرصہ میں ریکارڈ 62 غیر ملکی دورے کر کے وزیراعظم نواز شریف کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

اتوار 17 جنوری 2016 17:51

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے غیر ملکی دوروں کا ریکارڈ قائم ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے غیر ملکی دوروں کا ریکارڈ قائم کر دیا‘ اڑھائی سال کے عرصہ میں ریکارڈ 62 غیر ملکی دورے کر کے وزیراعظم نواز شریف کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اب تک 42 غیر ملکی دورے کئے ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت گزشتہ دو دنوں سے سری لنکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے پاکستان سنگل کنٹری ایگزیبیشن کا افتتاح کیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی وزیر تجارت خرم دستگیر وزیراعظم کے ساتھ سری لنکا کے سرکاری دورے پر ساتھ تھے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے اڑھائی سال کے عرصہ میں ریکارڈ 62 غیر ملکی دورے کر کے وزیراعظم نواز شریف کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے اڑھائی سالوں میں 42 غیر ملکی دورے کئے ہیں۔ وزیر تجارت کی غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود ان کی وزارت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

پاکستانی برآمدات مسلسل تنزلی کی طرف گامزن ہیں۔ وزارت کی طرف سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملکی برآمدات 23 ارب ڈالر پر ہیں جو کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت 2012-13ء میں 25 ارب ڈالر پر تھی۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزارت تجارت کا قلمدان خصوصی طور پر خرم دستگیر کو دیا تھا اور 2018ء تک ملکی برآمدات کو 50 ارب ڈالر تک لے جانے کا عندیہ دیا تھا۔

بورڈ آف انوسٹمنٹ کی طرف سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 86 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں انتہائی کم ہے۔ وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت کو برآمدات کو بڑھانے کے لئے غیر روایتی اشیاء کی جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ وزیر تجارت کی جانب سے غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود برآمدات میں اضافہ نہ ہونے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے راغب نہ کرنے پر وزیر تجارت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا ہوتا ہے

متعلقہ عنوان :