طالب کوامتحان میں بیٹھنے سے روکنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

پیر 18 جنوری 2016 14:22

سرینگر ۔ 18 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے بھارتی پولیس کی طرف سے ایک طالب کو شناختی کارڈ ساتھ نہ ہونے کا بہانہ کرکے اس کو امتحان دینے سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے رول نمبر سلپ دکھانے کے باوجود طالب علم کوامتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جس کی وجہ سے اس کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کی حفاظت کرنا اور انہیں سہولت پہنچانا ہوتا ہے لیکن کشمیر میں مالی مفادات اور ترقیوں کے حصول کے لیے پولیس کا کردار اس کے بالکل برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جائے گا ، یہ سلسلہ اسی طرح چلتارہے گا۔ انہوں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے اس رویے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں۔