وزیراعظم کشمیریوں کے دکھ ،درد دور کریں گے، عالمی سطح پرنوازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہوا، یہ مقام اس کو ملتا ہے جب کوئی اپنی ذات کوبھول جاتا ہے، وزیراعظم نے ذاتی مفاد کو بھول کر ملک اور مسلمانوں کے مفاد بارے سوچا، چوہدری مجید کو کشمیر کی ترقی کیلئے ووٹ دیا گیا ، وہ اپنا زیادہ تر وقت اسلام آباد گزارتے ہیں، کشمیریوں کے وچھوڑے کو ختم ہوکر ملاپ میں تبدیل ہونا ہے،پیپلزپارٹی نہ تو پاکستان کا کوئی مسئلہ حل کر سکی اور نہ ہی آزاد کشمیر کا

کشمیر میں پیپلز پارٹی کا کوئی ترقیاتی کام نظر نہیں آتا،بدعنوانی کے خاتمے کی بات کر یں تو اسے تحریک آزادی کشمیر سے جوڑ دیا جاتا ہے، آزاد کشمیر کی حکومت 5 ارب کے فنڈ ہی لگا دیتی تو کشمیر کی حالت بدل جاتی، ہمارے خلاف خبریں لگوانے والوں میں ہمت ہے تو ہمارا مقابلہ کریں ،برجیس طاہر

پیر 18 جنوری 2016 17:34

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کی اسلام آباد اور مظفر آباد میں حکومتیں تھیں لیکن پیپلز پارٹی نہ تو پاکستان کا کوئی مسئلہ حل کر سکی اور نہ ہی آزاد کشمیر کا،چوہدری مجید کو کشمیر کی ترقی کیلئے ووٹ دیا گیا تھا لیکن وہ اپنا زیادہ تر وقت اسلام آباد میں گزارتے ہیں، کشمیریوں کے وچھوڑے کو ختم ہوکر ملاپ میں تبدیل ہونا ہے، وزیراعظم نواز شریف کشمیریوں کے دکھ اور درد کو بھی دور کریں گے، افغان صدر نے وزیراعظم نواز شریف کو مذاکراتی امن و عمل کیلئے دورے کی دعوت دی تھی اور اب سعودی عرب و ایران نے بھی کشیدگی ختم کرنے کیلئے وزیراعظم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،اﷲ تعالیٰ کی مہربانی ہے کہ عالمی سطح پر وزیراعظم پاکستان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہوا، یہ مقام اس کو ملتا ہے جو اپنی ذات کا غم بھول جاتا ہے، وزیراعظم نے ذاتی مفاد کو بھول کر ملک اور مسلمانوں کے مفاد بارے سوچاجبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قائداعظم کے وژن کے مطابق ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے، آزاد کشمیر حکومت کی بد عنوانیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، عوام وزیراعظم آزاد کشمیر کا لب و لہجہ اور دھمکیاں یاد رکھیں، اگر کسی کارکن کو نقصان پہنچا تو مقدمہ چوہدری عبدالمجید کے خلاف درج ہو گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیربرائے امور کشمیربرجیس طاہر نے کہا کہ ہمارے خلاف خبریں لگوانے والوں میں ہمت ہے تو ہمارا مقابلہ کریں، ہم نے مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا، کشمیر میں پیپلز پارٹی کا کوئی ترقیاتی کام نظر نہیں آتا،بدعنوانی کے خاتمے کی بات کروں تو اسے تحریک آزادی کشمیر سے جوڑ دیا جاتا ہے، آزاد کشمیر کی حکومت 5 ارب کے فنڈ ہی لگا دیتی تو کشمیر کی حالت بدل جاتی۔

وہ پیر کو یہاں کوٹلی میں مسلم لیگ (ن کے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر امور آزاد کشمیر برجیس طاہر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کو خدمت کرنے کا بھرپور موقع دیا، آزاد کشمیر حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا ساتھ نہیں دیا، آزاد کشمیر کے الیکشن میں فتح مسلم لیگ (ن)کے حق میں لکھ دی گئی ہے، 2011 میں آنکھوں کے سامنے دھاندلی کی گئی، 2011 میں آبادی سے زیادہ ووٹ نکلے، ورکرز کنونشن میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے، آج کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے دیا، ہم جانتے ہیں کہ عدم اعتماد کے فیصلے کا ساتھ نہ دینے پر عوام ناراض ہوئے، ہم نے ساتھیوں کو سمجھایا کہ اصولوں کیلئے عدم اعتماد کا ساتھ نہیں دیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کو مکمل موقع ملنا چاہیے، ماضی میں پیپلز پارٹی کی اسلام آباد اور مظفر آباد میں حکومتیں تھیں لیکن پیپلز پارٹی نہ تو پاکستان کا کوئی مسئلہ حل کر سکی اور نہ ہی آزاد کشمیر کا،اب آزاد کشمیر کی عوام پیپلز پارٹی کو الوداع اور مسلم لیگ (ن) کو خوش آمدید کہہ رہی ہے، آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے قائد وزیراعظم نواز شریف ہوں گے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے والی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے سے پہلے پاکستان کے وجود کے بارے میں منفی خبریں آ رہی تھیں، وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو سرمایہ کاری کیلئے سازگار بنا دیا گیا، افغان صدر نے وزیراعظم نواز شریف کو مذاکراتی امن و عمل کیلئے دورے کی دعوت دی تھی اور اب سعودی عرب و ایران نے بھی کشیدگی ختم کرنے کیلئے وزیراعظم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، سعودی عرب سے ہمارا مذہبی لگاؤ ہے اور ایران ہمارا پڑوسی اسلامی ملک ہے، اﷲ تعالیٰ کی مہربانی ہے کہ عالمی سطح پر وزیراعظم پاکستان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہوا، یہ مقام اس کو ملتا ہے جو اپنی ذات کا غم بھول جاتا ہے، وزیراعظم نے ذاتی مفاد کو بھول کر ملک اور مسلمانوں کے مفاد بارے سوچا۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ چوہدری مجید کو کشمیر کی ترقی کیلئے ووٹ دیا گیا تھا لیکن وہ اپنا زیادہ تر وقت اسلام آباد میں گزارتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے آزاد کشمیر میں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے وچھوڑے کو ختم ہوکر ملاپ میں تبدیل ہونا ہے، وزیراعظم نواز شریف کشمیریوں کے دکھ اور درد کو بھی دور کریں گے، کشمیری عوام کو غاصبوں، چوروں، لٹیروں اور راہزنوں سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ پانی کیلئے منگلا ڈیم کی اپ ریزنگ کی گئی تو پیپلز پارٹی نے ڈیم سے کشمیریوں کو پانی دینے کی سخت مخالفت کی، منگلا ڈیم سے دو قطرے پانی کے کشمیریوں کے مطالبے کی شہباز شریف نے حمایت کی، ہم نے ہمیشہ سیاست میں اصولوں کو بلند رکھا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ کوٹلی کی عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے لیکن بھی صرف رسمی اعلان باقی ہے، مخالفین ورکرز کنونشن دیکھ کر (ن) لیگ کی مقبولیت کا اندازہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام وزیراعظم آزاد کشمیر کا لب و لہجہ اور دھمکیاں یاد رکھیں، اگرہمارے کسی بھی کارکن کو نقصان پہنچا تو مقدمہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کے خلاف درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قائداعظم کے وژن کے مطابق ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے، آزاد کشمیر حکومت کی بد عنوانیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے امور کشمیربرجیس طاہر نے کہا کہ ہمارے خلاف خبریں لگوانے والوں میں ہمت ہے تو ہمارا مقابلہ کریں، کشمیر کے عوام مہمان نواز ہیں، مہمانوں کو دھمکیاں نہیں دیتے، دھمکیاں دینے والے یاد رکھیں کہ ہم نے مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا، ہم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے آتے ہیں، ہمیں احساس ہے کہ ماضی میں کشمیریوں سے زیادتیاں ہوئیں، کشمیر میں پیپلز پارٹی کا کوئی ترقیاتی کام نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم راجہ فاروق حیدر خان کے ساتھ ہیں، میں بدعنوانی کے خاتمے کی بات کروں تو اسے تحریک آزادی کشمیر سے جوڑ دیا جاتا ہے، حکومت کے اپنے ہی وزیر حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے، آزاد کشمیر کی حکومت 5 ارب کے فنڈ ہی لگا دیتی تو کشمیر کی حالت بدل جاتی