وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکراچی تو نہیں آئے لیکن رینجرز اختیارات کا معاملہ حل ہو چکا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ

ابھی کراچی میئر بننے کا مرحلہ باقی ہے ، ایم کیو ایم کو اختیارات کس کے لئے مانگ رہی ہے ، کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیدران سے ملاقات میں گفتگو

پیر 18 جنوری 2016 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکراچی تو نہیں آئے لیکن رینجرز اختیارات کا معاملہ حل ہو چکا ہے ، ابھی کراچی میئر بننے کا مرحلہ باقی ہے ، ایم کیو ایم کو اختیارات کس کے لئے مانگ رہی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں کراچی پریس کلب کی منتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا ، وفد میں کراچی پریس کلب کے صدر ، سیکریٹری سمیت دیگر عہدیاران شامل تھے ، انہوں نے کہا کراچی آپریشن جاری رہیگا ، جب تک شہرمیں ایک بھی دہشتگرد ہوگا اس وقت تک کارروائیاں جاری رہیں گی ، کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خاتمے میں پولیس اور رینجرس کی بڑی قربانیاں ہیں جس کے بدولت امن و امان بحال ہوا ہے ، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ امن کی بحالی میں سندھ حکومت رکاوٹ بنے گی ، رینجرز کے قیام کا معاملہ آئینی تقاضے کے مطابق اسمبلی میں لے گئے ،اور اسمبلی نے وضع کیا کہ امن کی بحالی کے لئے کون سے ایریا میں رینجرز کے دئے جانے والے اختیارات کا اطلاق ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو جو تحفظات تھے اس کے متعلق وہ وزیر اعظم کو آگا ہ کر چکے ہیں، تحفظات کو ختم کرنے کے لئے وزیر اعظم نے وفاقی وزیر چوھدری نثار کو ذمہ داری تھی کہ وزیر اعظم نے انہیں ہدایت کی کہ وہ کراچی جا کر حکومت سندھ کے تحفظات ختم کریں، لیکن چوھدری نثار نے ایسا نہیں کیا ، چوھدری نثار کی کراچی نہ پہنچنے کی شکایت وزیر اعظم تک پہنچا دی ہے، انہوں نے کہا کہ ابھی توکراچی میئر بنا ہی نہیں ہے، ایم کیو ایم اختیارات کس کے لئے مانگ رہی ہے ، 2001 کے قانون میں جواختیارات بلدیاتی حکومت کو حاصل تھے وہ اختیارات تواب نہیں مل سکتے، کیونکہ نیاقانون بن چکا ہے ،انہوں نے کہا کہ ، ایم کیو ایم پولیس ، تعلیم ،صحت سمیت دیگر اختیارات حاصل کرنے کا مطالبہ کررہی ہے ، اگر یہ سارے محکمے ان کو دے دیں تو پھر حکومت سندھ گھر چلی جائے ،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے موجودہ بلدیاتی قانون کے تحت انتخابات میں حصہ لیا ہے،بلدیاتی نمایندوں کواختیارات بھی اسی قانون کے تحت ملیں گے۔