صفائی کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی

پیر 18 جنوری 2016 22:40

کراچی ۔ 18 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جنوری۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہا ہے کہ صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے قیام کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر اقدامات کر رہے ہیں، کچرا کنڈیوں کی روزانہ کی بنیادوں پر صفائی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہمارا عزم صاف ستھرا سرسبز اور آلودگی سے پاک ماحول عوام کو فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپرنٹینڈنگ انجینئر بلدیہ شرقی پریم چند کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ بالخصوص موسمیات سے متصل کچرا کنڈی کی صفائی و دیگر بلدیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر لوڈر، ڈمپر اور دیگر مشینری کی مدد سے کچرا کنڈیوں کی صفائی تیزی سے جاری ہے، اس کے علاوہ سڑک کی صفائی بھی تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کچرا کنڈیوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ اطراف میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے اور چونے کا چھڑکاوٴ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کا ایسا نظام مرتب کررہے ہیں جس سے بروقت کچرا اٹھتا رہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صفائی ستھرائی کے کاموں میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کچرا جگہ جگہ پھینکنے سے گریز کریں۔