علم و ہنر کے بغیر ترقی کا کوئی راستہ نہیں‘سردار غلام صادق خان

منگل 19 جنوری 2016 14:01

ہجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر سردار غلام صادق خان نے کہا ہے کہ علم و ہنر کے بغیر ترقی کا کوئی راستہ نہیں آج وہی قومیں ترقی کی منازل طے کر رہی ہیں جنہوں نے علم و ہنر اور سائنسی علوم پر دسترس حاصل کی- کمپیوٹر کا دور ہے ہماری حکومت نے بھرپور کوشش کی ہے کہ نئی نسل کو کمپیوٹر کی ابتدائی تعلیم سے آ راستہ کیا جائے آئی ٹی آزاد کشمیر نے ریاست کے تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر لیب قائم کے کے جدید علم کی بنیاد رکھی ہے بچے اور بچیاں کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کریں تاکہ مستقبل کے درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کع سکیں ان خیالات کا اظہار سردار غلام صادق خان نے اپنے حلقہ انتخاب ہجیرہ کے بوائز اور گرلز ہائی سکولوں کو کمپیوٹر لیب کے قیام اور آئی ٹی کی سہولیات مہیا کرنے کے حوالے سے آئی ٹی آزاد کشمیر کی جانب سے بوائز ہائی سکول ہجیرہ میں منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حثیت سے خطاب کیا حسب ہدایت سیکرٹری آئی ٹی سید ظہور حسین گیلانی ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی محمد سرور گوندل نے تقریب کا انعقاد کیا تھا مہمان خصوصی کے علاوہ معززیں علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی خواتین /مرد اساتذہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی ٹی کے تعاون سے سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق خان کے حلقہ میں گیارہ بوائز اینڈ گرلز ہائی سکولوں کو کمپیوٹر لیب کا سامان مہیا کر دیا گیا اس طرح بچوں اور بچیوں کو کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے سردار غلام صادق خان نے کہا کہ آج مقابلے کا دور ہے جو طلباء و طلبات علم و ہنر اور کمپیوٹر کی تعلیم میں مہارت حاصل کریں گے وہ دنیا بھر کے علوم اور ترقی سے متعارف ہو جائیں گے کمپیوٹر کے ذریعے آج علم کے سارے دروازے کھلے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ جستجو جاری رکھی جائے کامیابی ضرور ملے گی انہوں نے نوجوان نسل کی جانب سے جدید علوم کے حصول میں گہری دلچسپی لینے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچے اور بچیاں باصلاحیت ہیں وہ ضرور کامیاب ہونگے۔