پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکول پارٹنر زکو بلڈنگ فٹنس سرٹیفیکیٹ جلد جمع کروانے کی ہدایت

منگل 19 جنوری 2016 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمودنے سکول پارٹنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سکول کی عمارت کا مجاز اتھارٹی سے معائنہ کرواکر فٹنس سرٹیفیکیٹ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں بلا تا خیر جمع کروائیں۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں اور اساتذہ کی جانوں کامکمل تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے بلڈنگ کوالٹی سٹینڈرڈز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ سکول پارٹنرز درکار ضروری معلومات اپنے متعلقہ پروگرام کو فوراًمہیا کریں تا کہ ان کے ماہانہ واجبات کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آنے پائے۔یہاں اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے ایم ڈی طارق محمود نے کہا کہ سکول پارٹنرز متعلقہ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر (ایجوکیشن) سے اپنے سکول کی رجسٹریشن کے پابند ہیں، ایسے تمام سکول پارٹنرز جنہوں نے ابھی تک اپنے تعلیمی ادارے کی رجسٹریشن نہیں کروائی، وہ جلد از جلد رجسٹریشن کرواکر سر ٹیفیکیٹ فاؤنڈیشن کو مہیا کریں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سکول پارٹنرز کو 31 جنوری تک رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ جمع کروانے کے خطوط پہلے ہی ارسال کئے جاچکے ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سالانہ سکول شماری مہم کا آغاز کر دیا ہے، اور سکول شماری کے فارم ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔ اجلاس نے سکول مالکان سے کہا کہ وہ یہ فارم مکمل کر کے جمع کروائیں تا کہ یہ عمل شیڈول کے مطا بق مکمل کیا جاسکے۔

اجلاس نے پنجا ب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سالانہ کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کی تیاری کے حوالے سے بعض عناصر کی جانب سے شائع کیے جانے والے امدادی مواد کو قطعاًغیر قانونی اور ناجائز قرار دیا اور واضح کیا کہ پیف اس قسم کے کسی امدادی مواد کی ہر گز ذمہ دار نہیں اور ایسا مواد چھا پنے والے عناصر کے خلاف پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

اجلا س نے ہدایت کی کہ سکول پارٹنرز اپنے طالب علموں کو کسی قسم کا اضافی امدادی مواد خریدنے کے لئے ہرگز مجبور نہیں کریں گے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کی تیاری کے حوالے سے ضروری رہنمائی اور مواد اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔اجلاس نے اس امر پر اپنے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ اس فاؤنڈیشن کی تعلیمی منصوبوں سے بے وسیلہ طبقات کی تعلیم تک رسائی آسان تر ہوئی ہے اور اس طرح حکومت پنجاب کے " پڑھو پنجاب ، بڑھو پنجاب" کے اہداف حاصل کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی ایم ڈی (آپریشنز )طارق رفیق اور پروگرام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :