سرکاری سکولوں میں نرسری کلاسز کے بچوں کیلئے کڈزروم بنانے کا فیصلہ

جمعرات 21 جنوری 2016 14:37

فیصل آباد۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ تعلیم پنجاب نے فیصل آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں ہزاروں سرکاری سکولوں میں نرسری کلاسز کے بچوں کیلئے کڈزروم بنانے کا فیصلہ کیاہے جبکہ اس ضمن میں ہر سکول کو ایک لاکھ روپے کی رقم بھی فراہم کی جائے گی جس کا مقصد نرسری کلاس کے بچوں کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے سمیت انگریزی ، چینی اور دیگر بین الاقوامی زبانوں سے روشناس کراتے ہوئے مناسب معلومات کی فراہمی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلہ میں پنجاب بھر کے دیگر سکولز میں بھی کڈز روم قائم کئے جائیں گے جہاں چین سے درآمد کئے گئے جدید سافٹ وئیر کے ذریعے بچوں کو مذکورہ زبانوں کے بارے میں مہارت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ کڈز روم میں بچوں کی ضرورت کیلئے چھوٹے سائز کے سپیکرز نصب کرنے سمیت جدید فرنیچر، پر کشش پینٹنگز کے ساتھ ساتھ خوبصورت تزئین و آرائش کا کام بھی کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں جلد اساتذہ کیلئے بھی بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تدریس کی غرض سے سپیشل ٹریننگ کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔