میرپور‘وزیراعظم عبدالمجید کی ہدایت پر سانحہ باچاخان یونیورسٹی پر3 روزہ سوگ کے دوران ضلع بھرمیں سرکاری پرچم سرنگوں رہا

پیپلزپارٹی ضلع میرپورکے زیراہتمام شہداء باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقاریب کا انعقاد

جمعرات 21 جنوری 2016 16:23

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء)وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید کی ہدایت پرباچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے سانحہ پرتین روزہ سوگ کے دوران ضلع بھرمیں سرکاری پرچم سرنگوں رہا۔ تین روزہ سوگ کے پہلے روز پیپلزپارٹی ضلع میرپورکے زیراہتمام شہداء باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے ایصال ثواب کے لیے پیپلزسیکرٹریٹ ایف ون میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جبکہ ضلع کے سب ڈویژن اور مختلف قصبات میں بھی دعائیہ تقاریب منعقد ہوئیں۔

شہداء کے ایصال ثواب کے لیے مساجد میں دعائیں کی گئیں ۔ پیپلزسیکرٹریٹ ایف ون میں شہداء باچاخان یونیورسٹی کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ مختلف مدارس کے بچوں نے دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ دعائیہ تقریب میں مشیروزیراعظم زبیرجرال،پیپلز پارٹی ضلع میرپورکے صدرو ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چوہدری مشتاق احمد، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ ساجد پہلوان، ذوالفقار ذلفی، صغیرجاگل، پی وائی او کے ضلعی صدرچوہدری سعید، قاضی اظہرالحق، بلاول ذوالفقارکے علاوہ پیپلز پارٹی، پی وائی او،پی ایس ایف اور سول سوسائٹی کے اراکین نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسانحہ باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی گئی جبکہ شہداء اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور بھرپوریکجہتی کااظہارکرتے ہوئے اس امرکااعادہ کیاگیاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ سماج دشمن عناصر اور وطن عزیز کاامن وامان برباد کرنے والے مسلمان نہیں ہیں۔

انھوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں پردہشت گرد حملے کرکے علم کی روشنی کوپھیلانے سے روک رہے ہیں ان کے یہ مذموم مقاصد کسی طورپرکامیاب نہیں ہونگے۔ پورے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے جاری آپریشن میں پوری پاکستانی قوم کی طرح کشمیری عوام بھی ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ پاکستان سے ہرقسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستا ن کشمیریوں کی منزل ہے اور امت مسلمہ کامحورومرکز ہے۔