پبلک سروس کمیشن کارکرگی برقراررکھتے ہوئے میرٹ پرنوجوانوں کوروزگارفراہم کرے، ثناء اﷲ زہری

بھرتیوں کے عمل میں دباؤاورسفارش قبول نہ کریں،کمیشن کے دورے پروزیراعلی بلوچستان کی ہدایات

جمعہ 22 جنوری 2016 22:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے سراہاہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ کمیشن اپنی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز کمیشن کے دورے کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ر) مہتہ کیلاش ناتھ کوہلی نے وزیراعلیٰ کو کمیشن کی کارکردگی اور مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ اور کمیشن کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمیشن کی موجودہ ٹیم کی جانب سے کسی قسم کے دباؤ اور سفارش کو خاطر میں لائے بغیر بھرتیوں کے عمل پر نوجوانوں کا اعتماد بحال ہوا ہے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین کمیشن نے بتایا کہ 2015سے جنوری 2016تک کمیشن کے زیراہتمام مختلف محکموں میں گریڈ 16اور اس سے اوپر کی 2642خالی اسامیوں کو 21اشتہارات کے ذریعہ مشتہر کیا گیا جن کے لئے 45500درخواستیں موصول ہوئیں اور 133تحریری اور زبانی امتحانات منعقد کئے گئے۔

جن میں 27695امیدوار شامل ہوئے۔ جن میں سے اب تک متعلقہ محکموں کو 620امیدواروں کی بھرتی کی سفارشات بجھوائی گئی ہیں۔ انہوں نے کمیشن کے مالی وانتظامی مسائل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امتحانی ہال میں گنجائش کی کمی کے باعث کمیشن کو مسائل کا سامنا ہے اس حوالے سے نئے امتحانی ہال کی تعمیر کے لئے اراضی اور فنڈز کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کو سمری بجھوائی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ فوری طور پر سمری انہیں بھجوائی جائے۔ چیئرمین نے مزید بتایا کہ دوردراز کے علاقوں کے امیدواروں کو بھرتی کی درخواست دینے کے لئے آن لائی نظام متعارف کروایا جارہا ہے جس کے لئے کمپیوٹر لیب کے قیام کی ضرورت ہے جبکہ کمیشن کی استعداد کار میں اضافے کے لئے مزید افسران اور اہلکاروں کی بھرتی کے لئے بھی صوبائی حکومت کو سمری بھجوادی گئی ہے وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ کمیشن کے مالی وانتظامی مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت بھرپور معاونت کرے گی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ اور چیف سیرکٹری نے پولیس میں اے ایس آئی کی آسامیوں پربھرتی کے لئے جاری تحریری امتحان کا جائرزہ لیا اور امیدواروں سے بات چیت کی۔ جنہوں نے کمیشن کے بھرتی کے طریقہ کار پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اے ایس آئی کی 157خالی اسامیوں کے لئے تحریری امتحان میں 3600امیدوار شریک ہورہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :