مٹر کی بہتر پیداوار کیلئے فصل کو موسمی اثرات سے بچانا ضروری ہے،محکمہ زراعت پنجاب

کاشتکار مشکل ، پریشانیوں سے بچنے کیلئے محکمہ زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد کریں، ترجمان

ہفتہ 23 جنوری 2016 14:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب فیصل آباد نے کہا ہے کہ مٹر کی بہتر پیداوار کیلئے فصل کو موسمی اثرات سے بچانا ضروری ہے ،کاشتکار مشکل ، پریشانیوں سے بچنے کیلئے محکمہ زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد کریں ۔ترجمان کے مطابق کورے اور دھند سے متاثرہ مٹر کی فصل پر تین سے چار کلو گرام یوریا 100 لیٹر پانی میں ملا کر اس کا سپرے کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرد موسم میں آبپاشی کا وقفہ بڑھا کر 15روز کرنے کے مفید نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خالص بیج کے حصول کیلئے پھول آنے اور پھلیاں بننے پر چھدرائی کی جائے اور جو پودے مطلوبہ قسم کے معیار پر پورے نہ اتریں انہیں نکال دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکا ر مٹر کی فصل میں پھول آنے پر فی ایکڑ نصف بوری یوریا کھاد ڈالیں نیز درجہ حرارت کم ہو نے پر مٹر کی اگیتی فصل پر چونکہ اکھیڑا کی بیماری کے حملہ آور ہونے اور پودے کے جڑ سے سوکھنے کا خدشہ ہوتا ہے لہٰذا اس بیماری سے بچاوٴکیلئے بھی محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ و ارننگ کے عملہ کی مشاورت سے سپرے یقینی بنایا جائے۔