مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے ، مقبوضہ کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن

پیر 25 جنوری 2016 15:23

سرینگر ۔ 25 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام اپنی خواہشات کے مطابق دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جدوجہد کرر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کیلئے انکی آزادی کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا جس کیلئے وہ بے مثال قربانیوں پیش کر رہے ہیںٰ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کر رکھا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ 26جنوری کو جب بھارت اپنا یوم جمہوریہ منارہا ہوگا کشمیری عوام اپنے جمہوری حق کیلئے جدوجہد کرر ہے ہیں جسے گزشتہ چھ دہائیوں سے بھارت نے سلب کر رکھا ہے۔