گذشتہ برس پنجاب میں لہسن کی 25ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی ،ترجمان محکمہ زراعت

جمعرات 28 جنوری 2016 13:47

راولپنڈی۔28 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جنوری۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق گذشتہ سال 2014-15 کے دوران 7729 ایکڑ رقبہ لہسن کے زیر کاشت لایا گیا جس سے 25079 ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔ سال 2015-16 کے دوران لہسن کا پیداواری رقبہ 8000 ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جس سے 26300 ٹن پیداوار متوقع ہے۔ ترجمان کے مطابق لہسن کی اچھی پیداوار کیلئے فصل کو جڑی بوٹیوں اور بیماریوں سے بچاو کے لیے زیادہ چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں کا تدارک نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

جڑی بوٹیوں کو بذریعہ گوڈی بھی تلف کیا جاسکتا ہے لیکن اگر لہسن کی فصل کے گھٹے پورے سائز کے ہوجائیں تو پھر گوڈی سے پرہیز کرنا چاہیے ۔ لہسن کی فصل پر مختلف بیماریاں حملہ آور ہوتی ہیں جن میں زیادہ مشہور لہسن کے پتوں کی چوٹی کا سفید جھلساوٴ، لہسن کے پتوں اور تنوں کا گلاوٴ، ارغوانی جھلساوٴ، روئیں دار پھپھوندی، لہسن کی کنگھی اور تھرپس وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ترجمان نے لہسن کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور اگر کسی بیماری کا حملہ نظر آئے تو فوراً محکمہ زراعت کے مقامی عملہ سے مشورہ کرکے مناسب تدارک کریں۔

متعلقہ عنوان :