وفاق المدارس نے سالانہ امتحانات کے لئے تاریخ کا اعلان کردیا

پیر 1 فروری 2016 13:35

ڈونگہ بونگہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء )وفاق المدارس نے سالانہ امتحانات کے لئے تاریخ کا اعلان کردیا ۔لاکھوں طلباء وطالبات ایک ہی وقت میں ملک بھر میں بنائے جانے والے سینٹرز میں امتحانی عمل میں شریک ہونگے ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے مذہبی تعلیمی بورڈ وفاق المدارس جس کا مرکزی دفترشیر شاہ روڈگارڈن ٹاؤن ملتان میں واقع ہے نے سالانہ امتحانات کے لئے 7مئی بمطابق 29رجب المرجب بروز ہفتہ کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے جو کہ ایک ہفتہ جاری رہیں گے۔

وفاق المدارس مسلک دیوبند کے 20ہزار سے زائد مدارس اور جامعات کا تعلیمی بورڈ ہے ۔جسکی بنیاد 1959میں رکھی گئی تھی جسکے موجودہ صدر مولانا سلیم اللہ خان اور جنرل سیکرٹری مولانا حنیف جالندھری ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس سے ملحق مدارس میں اساتذہ کی تعداد121879ہے ۔زیر تعلیم طلبا و طالبات کی تعداد2510482ہے ۔اب تک اس تعلیمی بورڈ سے فارغ التحصیل طلبا کی تعداد ایک لاکھ ستائیس ہزار دو ،طالبات کی تعداد 172950حفظ القرآن کی سعادت حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی تعداد 989659ہے ۔

2015میں ہونے والے سالانہ امتحانات میں ملک بھر سے ملحق مدارس سے 265795داخلہ جات موصول ہوئے کامیابی کا تناسب 81.2رہا ۔اس سلسلہ میں ملک بھر میں 1691سینٹرز بنائے گئے۔وفاق المدارس سے ملحق ضلع بہاول نگر کے سب سے بڑے ادارے جامع العلوم بہاول نگر کے سربراہ شیخ الحدیث مولانا جلیل احمد اخون نے اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔

2016ء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاق مدارس اجتماعیت اور وحدت کی علامت ہے جو کہ خالص تعلیمی اور غیر سیاسی تنظیم ہونے کے ساتھ ساتھ علوم نبویہ کی بقا اورملک کی نظریاتی سرحدوں کا محافظ ہے ۔اسکے شفاف امتحانی عمل کی کوئی نظیر نہیں سرکاری جامعات اورکالجزکی طرح وفاق المدارس کے امتحانات میں دفعہ 144کا نفاذ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ملک گیر سطح پر تمام دینی مدارس کی ایسی فعال اور مربوط تنظیم کی مثال کسی اسلامی ملک میں بھی نہیں ملتی۔