طلبہ کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ، حافظ نعیم الرحمن

پیر 1 فروری 2016 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے طلبہ کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ حکومت سندھ نے گذشتہ سالوں میں اندرون سندھ یونیورسٹیاں اور اعلی تعلیمی ادارے کیوں قائم نہیں کئے ،حکومت سندھ جامعہ کراچی کی داخلہ پالیسی میں مداخلت کرنے اور جامعہ کراچی میں کراچی کے طلبہ کی حق تلفی کرنے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرے اور اندرون سندھ نئی جامعات اور اعلی تعلیمی ادارے قائم کرے ۔

انہوں نے سندھ اسمبلی کے اندر حکومت کی طرف سے جامعہ کراچی کی داخلہ پالیسی کے خلاف قرارداد منظور کرانے اور اندرون سندھ کے طلبہ کے لیے پہلے سے مختص کوٹے میں اضافے کی کوشش پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ حکومت اپنی نااہلی کو چھپانے اور اپنی ناقص کار کردگی کا بوجھ کراچی پر ڈالنے سے باز رہے ۔

(جاری ہے)

کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور قومی خزانے میں سب سے زیادہ ریونیو جمع کراتا ہے ،کراچی کے طلبہ و طالبات کا پہلا حق ہے کہ یہاں کے تعلیمی اداروں میں ان کو داخلہ ملے ،اتنے بڑے شہر کے لیے پہلے ہی سرکاری تعلیمی اداروں اور جامعات کی کمی ہے اس کے باوجود جامعہ کراچی میں اندرون سندھ کے طلبہ کے لیے کوٹے میں اضافہ کراچی کے طلبہ و طالبات کے ساتھ سراسر ظلم و ذیادتی ہے اور اہل کراچی اور کراچی کی طلبہ برادری کے اندر اس فیصلے اور اقدام سے شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی میں 20شعبہ جات میں بغیر کسی کیٹگری کے صرف ٹیسٹ پاس کرنے کی بنیاد پر داخلے ملتے ہیں جبکہ 30سے زائد شعبہ جات میں ہر صوبے کے لیے علیحدہ کوٹہ مختص ہے ،یہی وجہ ہے کہ صرف کوٹے کی بنیاد پر اندرون سندھ کے 500سے زائد طلبہ کو جامعہ کراچی میں داخلہ دیا جاتا ہے ۔