بے گناہ افراد کی گرفتاریاں دیکھ کر لگتا ہے کہ قابض انتظامیہ نے یہاں کے لوگوں کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے ، یاسین ملک

منگل 2 فروری 2016 13:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے وادی کے چار اطراف میں جاری پولیس تشدد اور نوجوانوں کی بے دریغ گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ قابض انتظامیہ نے یہاں کے لوگوں کے خلاف ایک بلااعلان جنگ چھیڑ رکھی ہے پلوامہ ، اسلام آباد ، سرینگر اور دوسرے اضلاع میں جاری پولیس چھاپوں اور نوجوانوں کو گرفتار کر کے نیز ان میں سے کسی ایک پر کالے قانون پی ایس اے کا اطلاق کرنے کی مذمت کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ کئی روز سے اسلام آباد اور دوسرے اضلاع میں یہ کریک ڈاؤن جاری ہے جس دوران کئی نوجوانوں زبیر احمد میر ، اظہر ریاض وگے ، عرفان احمد شیخ تنزیل احمد کین ، اخلاص احمد بٹ ، ارجمند قمر ، عاقب مشتاق شیخ ، حفیظ اللہ میر اور رئیس احمد میر ( لترپلوامہ ) کو گرفتار کر لیا گیا ہے حد یہ ہے کہ پولیس دوسری جماعت کے طالب علم 8 سالہ بچے زونین احمد کی تلاش میں بھی سرگرداں ہے اور اس کی جگہ اس کے والد ریاض احمد صوفی کو گرفتار کر رکھا ہے ہی صورت حال دوسرے اضلاع میں بھی ہے جہاں نوجوانوں اور بچوں کی گرفتاریاں معمول بن چکے ہیں ۔