مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری قوم نے ہی کرنا ہے ‘ کشمیر کی آزادی کے لیے خون دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے‘ ہم مذاکرات کے مخالف نہیں لیکن مذاکرات کشمیریوں کی مرضی کے مطابق ہونے چاہئیں‘کشمیر کی آزادی کے لئے پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مرنے کے لئے تیار ہے‘ حکومت، فوج اور قوم کشمیر کے مسئلہ پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہوجائیں‘کشمیر کی جنگ مزید طویل ہوئی تو یہ انڈیا کے لئے خوفناک مسئلہ بن جائے گا‘کشمیر کی آزادی کا راستہ صرف اور صرف جہاد فی سبیل اﷲ میں ہے‘یوم یکجہتی کشمیر ہمیں تحریک آزادی کو مزید تیز کرنے کا ولولہ دلاتا ہے‘کشمیری قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی

مذہبی،سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں کا یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب

بدھ 3 فروری 2016 20:31

مظفر آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) مذہبی،سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری قوم نے ہی کرنا ہے ، کشمیر کی آزادی کے لیے خون دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ ہم مذاکرات کے مخالف نہیں لیکن مذاکرات کشمیریوں کی مرضی کے مطابق ہونے چاہئیں۔کشمیر کی آزادی کے لئے پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مرنے کے لئے تیار ہے۔

حکومت، فوج اور قوم کشمیر کے مسئلہ پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہوجائیں۔کشمیر کی جنگ مزید طویل ہوئی تو یہ انڈیا کے لئے خوفناک مسئلہ بن جائے گا۔کشمیر کی آزادی کا راستہ صرف اور صرف جہاد فی سبیل اﷲ میں ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر ہمیں تحریک آزادی کو مزید تیز کرنے کا ولولہ دلاتا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

کشمیریوں کی تحریک کو دہشت گردی کہنا غلط ہے۔اپنے حق کے لئے لڑنا دہشت گردی نہیں۔ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی و بقا کے لئے پاکستانی و کشمیری سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ مودی کشمیریوں کا قاتل ہے۔کشمیر پیکج میں دھوکہ کے سوا کچھ نہیں۔حکومت پاکستان کی طرف سے کشمیرکی وکالت کمزور ہو سکتی ہے لیکن پاکستانی قوم دل وجان سے کشمیری قوم کے ساتھ ہے۔

کشمیری پر عزم ہیں خون کے آخری قطرے تک تحریک جاری رہے گی۔ بدھ کوامیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما مولانا محمود الحسن اشرف، مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما و سابق وزیر دیوان علی چغتائی، جماعۃ الدعوۃ آزادکشمیر کے امیر مولانا عبدالعزیز علوی، تحریک انصاف کشمیر کے نائب صدر و سابق وزیر خواجہ فاروق، انجمن فقہ جعفریہ کے سرپرست مفتی کفایت حسین نقوی، پاسبان حریت آزاد جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر غزالی، حزب المجاہدین کے نائب امیر شمشیر خان، پیپلز پارٹی آزاد جموں کشمیر کے رہنما شوکت میر، جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولاناسیف اﷲ خالد، قاری محمد یعقوب شیخ، جماعۃ الدعوۃ آزاد کشمیر کے رہنما قاری مقبول احمد، جماعت اسلامی مظفر آباد کے رہنما قاضی شاہد حمید، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما مولانا عصمت اﷲ، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس جموں کشمیر کے چیئرمین مشتاق الاسلام، تحریک المجاہدین کے نائب امیر عبدالشکور آزاد، مہاجرین کشمیرکے رہنما یوسف بٹ اور دیگر نے مرکزی ایوان صحافت مظفر آباد میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کیا۔

کانفرنس میں علماء، وکلاء، طلباء، مہاجرین سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کانفرنس سے قبل پریس کلب کے باہر سکولز کے طلبا ء کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی تھی۔ حافظ محمد سعید کے پنڈال میں پہنچنے پر انکا شاندار استقبال کیا گیا۔شرکاء کی جانب سے حافظ محمد سعید سے رشتہ کیا، لاالہ الااﷲ،کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااﷲ کے نعرے لگائے گئے۔

جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا کہ جماعت الدعوۃیکجہتی کشمیر مہم کا آغاز مظفرآباد سے کررہی ہے۔ مظفرآباد تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے۔ سب سے بڑی یکجہتی یہ ہے کہ اﷲ کے مخلص بندوں نے اس تحریک کو اپنے خون، صلاحیتوں اور ہر طریقے سے جاری رکھا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے سیدعلی گیلانی ،آسیہ اندارابی، یسین ملک میر واعظ سمیت سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں خصوصاً مسرت عالم اوڈاکٹر قاسم فکتو جو طویل عرصہ سے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے سودے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ جو مفاد پرست یہ کام کرنے کی کوشش کریں گے ان کا نام و نشان نہیں رہے گا۔ پاکستانی قوم کے دل کشمیری قوم کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ یہ خون کے رشتے ہیں ان کو منقطع کرنے کا سوال پیدا ہی نہیں ہوتا ۔آزاد جموں کشمیر کی پارٹیوں اور حکومتوں کو بھی بھرپوور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کو اب بھی بھارت سے کچھ امیدیں اور مفاد ہیں ان سے کہوں گا کہ آپ ہندوستان سے امیدیں رکھنا چھوڑ دیں اور آزادی کی اس تحریک میں شامل ہوکر کردار ادا کریں۔

اگر ایسا نہیں کرسکتے تو میں کشمیری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں دکھ کے ساتھ کہتا ہوں انسانی مسائل حل کرنے میں امریکا، یورپ اور اقوام متحدہ کا دوہرامعیار ہے۔ مشرقی تیمور ہو یا سوڈان یہ مسائل فوری حل کر دیے جاتے ہیں مگر کشمیرکی قراردادوں پرستر سال گزرنے کے باوجود عمل درآمد نہیں ہوا۔ تمام کشمیری رہنماؤں اور جماعتوں سے گزارش کروں گا کہ وہ متحد ہوجائیں۔

کشمیر کشمیریوں کا مسئلہ ہے اس کا فیصلہ بھی کشمیری قوم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید اور مجاہد قاسم کا جنازہ ریفرنڈم تھا ۔ شہید قاسم کے جنازے میں ہزاروں کشمیری تھے جبکہ مفتی سعید کے جنازے میں چند لوگوں نے شرکت کی۔ مودی کشمیریوں کا قاتل ہے کشمیری اس کے پیکج پر دھوکہ نہ کھائیں۔کشمیری حکومت میں موجود رہنماؤں سے کہتا ہوں کہ مودی کشمیر میں کالونیوں کے نام پر فوجی چھاؤنیاں بنارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیر کا سودا کیا میرے پاس ثبوت موجود ہے ایسا کبھی نہیں ہوا بھارت سرکار دھوکے باز اور تاریخی فراڈ کرنے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کا استقبال کرنے والوں اور بھارت سے مفاد رکھنے والوں سے پوچھتاہوں کہ 3 دن میں جموں کے 5 لاکھ شہری شہید کئے گئے کیا یہ آپ کی تاریخ نہیں؟مہاجرین نے کشمیر سے ہجرت کیوں کی. ابھی تک خیموں میں رہ رہے ہیں مگر یاد رکھواﷲ قربانیوں کو کبھی ضایع نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ جہا کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے پٹھان کوٹ کی ذمہ داری قبول کرکے پاکستان کو مشکل سے نکالا ہے۔ آج پاکستان کشمیریوں کا نہیں بلکہ کشمیری پاکستان کے پشتبان ہیں۔سیدصلاح الدین پاکستان کے محسن اور مجاہدین پاکستان کے محافظ ہیں۔مجاہدین کا کام حکمرانوں سے نہیں ہوگا وہ ضرور مذاکرات کریں ہم اسکے منکر نہیں مگر آپ کے مذاکرات اور کشمیری مجاہدین میں ہم آہنگی ہونی چاہیئے۔

سالار پاکستان راحیل شریف نے قائد اعظم کے الفاظ کی تشریح کی کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے۔نواز شریف صاحب آپ بھی قائداعظم کے الفاظ کی تشریح کریں اور شہ رگ کے لیے کردار ادا کریں۔کشمیریوں سے یکجہتی کریں مجاہدین کے ساتھ کھڑے ہوں.سید علی شاہ گیلانی سے آسیہ اندارابی تک سب کو آپ کا اعتماد حاصل ہونا چاہیئے یہ اعتماد اس وقت ہوگا جب آپ دوستیاں چھوڑ کر کشمیریوں سے یکجہتی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ،جنرل راحیل شریف ،حریت کانفرنس اور جہاد کونسل ایک پیج پر ہوں اور پاکستانی و کشمیری ان کے ساتھ ہوں۔پاکستان میں بہت سے مسائل ہیں مگر کشمیر کے مسئلہ پر سارے پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔حکومت سے کہتا ہوں جذبات کو سمجھیں جو جذبہ سرنگر میں ہے وہی جذبہ لاہور گوجرانوالہ کراچی اور کوئٹہ کا ہے۔ جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر کے رہنما مولانا محمود الحسن نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سازشوں کا شاخسانہ ہے،1947سے لے کر آج تک یہ مسئلہ پاکستان ،کشمیر ی عوام اور جنوبی ایشیا کے امن کے لئے ایک چلینج بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور جہاد اسلامی فریضہ ہے۔کشمیریوں کو آزادی جہاد سے ہی ملے گی ۔مسلم کانفرنس کے رہنما و سابق وزیر دیوان چغتائی نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کی حمایت کے لئے جماعۃ الدعوۃ کے مظفر آباد میں پروگرام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔یہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے۔اس کو مضبوط کرنا ہو گا ۔

آج کا پروگرام تحریک آزادی کشمیر کی مضبوطی کی علامت ہے۔پاکستانی و کشمیری عوام ایک ساتھ اور تحریک آزادی کے لئے متحد ہیں۔جماعۃ الدعوۃ آزادکشمیر کے امیر مولانا عبدالعزیز علوی نے کہا کہ مشکل حالات اور پابندیوں کے باوجو د حافظ محمد سعید کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزادی کے لئے فکر مند ہیں۔حکومت پاکستان کی طرف سے کشمیرکی وکالت کمزور ہو سکتی ہے لیکن پاکستانی قوم اپنے خون سے وکالت کر رہی ہے۔

کشمیری پر عزم ہیں خون کے آخری قطرے تک تحریک جاری رہے گی۔تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر خواجہ فاروق حامد نے کہا کہ حکومتوں کے اپنے مفادات ہو سکتے ہیں لیکن پاکستانی عوام نے کشمیر کے حوالہ سے اپنی ترجیحات کو تبدیل نہیں کیا،۔پاکستانی قوم آزادی کی تحریک میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو انکا حق ملنا چاہئے۔

سوڈان اور تیمور میں بھی ریفرنڈم ہوا تھا۔کشمیریوں کو حق کیوں نہیں دیا جاتا۔انجمن فقہ جعفریہ کے سرپرست مفتی کفایت حسین نقوی نے کہا کہ امریکہ کہتا ہے کہ حافظ سعید ہمیں دے دو،میں اعلان کرتا ہوں کہ ہم حافظ محمد سعید کا استعمال شدہ جوتا بھی امریکہ کو دینے کے لئے تیار نہیں۔پاسبان حریت آزاد جموں کشمیر کے چیئرمین عزیز غزالی، حزب المجاہدین کے نائب امیر شمشیر خان ،پیپلز پارٹی آزاد جموں کشمیر کے رہنما شوکت جاوید میر، جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنمامولانا سیف اﷲ خالد، قاری محمد یعقوب شیخ، جماعۃ الدعوۃ آزاد کشمیر کے رہنماقاری مقبول احمد،جماعت اسلامی مظفر آباد کے رہنما قاضی شاہد حمید، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما مولانا عصمت اﷲ ، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس جموں کشمیر کے چیئرمین مشتاق الاسلام، تحریک المجاہدین کے نائب امیر عبدالشکور آزاد ، مہاجرین کشمیرکے رہنما یوسف بٹ ودیگر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے دنیا میں بھارتی سیاستدان و میڈیا غلط پروپیگنڈہ کر رہے ہیں اور آزادی کی تحریک کو دہشت گردی کا نام دے رہے ہیں۔

ایسے موقع پر جماعۃ الدعوۃ کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے پروگرام پرہم ان کے مشکورہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم کشمیری اس عبدالقدیر اور افضل گورو کو نہیں بھولے جنہوں نے جیلوں کے اندر اﷲ اکبر کی صدائیں بلند کیں۔ہم متحدہ جہاد کونسل کی جانب سے حافظ محمد سعید کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں۔ ہم حق خود ارادیت کی بات کریں تو ہمیں دہشت گرد کہا جاتا ہے اور اگرآسیہ اور دیگر بہنوں کی اجتماعی عصمت دری بھارتی فوج کے درندے کریں توانکو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور مہذب ترین قوم کہا جاتا ہے۔کشمیر کی آزادی کا راستہ صرف اور صرف جہاد فی سبیل اﷲ ہے۔ہم افضل گورو کے راستے پر چلیں گے۔سینے پر گولی کھائیں گے اور بھارتی فوج سے اپنی بہنوں کا بدلہ لیں گے۔