مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضہ تادیر برقرار نہیں رہ سکے گا ‘ ظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈے استعمال کر کے بھی بھارت کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں کر سکا ‘ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘ کشمیر عوام تکمیل پاکستان تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور چوہدری جاوید اقبال کی یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے مختلف وفود سے بات چیت

جمعرات 4 فروری 2016 14:57

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور چوہدری جاوید اقبال نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضہ تادیر برقرار نہیں رہ سکے گا ۔ ظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈے استعمال کر کے بھی بھارت کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں کر سکا ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ کشمیر عوام تکمیل پاکستان تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

وہ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اپنے آفس چیمبر میں ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو نام نہاد بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے ۔ ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو محض آزادی مانگنے کی پاداش میں شہید کر دیا ۔ وہاں کا انفراسٹرکچر تباہ کر کے تعلیمی اداروں ، لوگوں کے گھروں ، جائیدادوں کو برباد کر دیا ۔

(جاری ہے)

مگر کشمیریوں نے اپنے پایہ استقلال میں لغزش نہیں آنے دی اور ثابت کیا کہ وہ آزادی سے کم کسی بھی آپشن کو قبول نہیں کر یں گے ۔ حق خود ارادیت ان کا بنیادی حق ہے جسے طاقت اور بندوق کے زور پر سلب نہیں کیا جا سکتا ۔ کشمیری بھارے سے آزادی لے کر رہیں ۔ غاصبانہ قبضہ تادیر برقرار نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر بالخصوص وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں بھرپور اقدامات کیے ۔

انہوں نے LOC ، ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزیوں ، غاصبانہ قبضہ کے خلاف درجنوں احتجاجی ریلیوں کی کال دے کر اور یو این اور کے مبصر مشن کو بارہا مرتبہ باور کروایا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ کر ان کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی کاوشوں سے آج مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر فلیشن پوائنٹ بن کر ابھرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں کشمیریوں کی آواز سنیں اور انہیں بھارتی غاصبانہ قبضے سے نجات دلائے ۔ اکیسویں صدی میں بھی سنگین بنیادی بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر عالمی طاقتوں کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ خطہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بارود کے دھانے پر کھڑا ہے ۔ اب بھی اگر ہوش کے ناخن نہ لیے گئے تو پھر خطہ خطرناک تباہی سے دوچار ہو گا۔