مظفر آباد‘ یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے طلباء و طالبات ٹریفک مسائل میں الجھ گئے

جمعرات 4 فروری 2016 14:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء) یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے طلباء و طالبات ٹریفک مسائل میں الجھ گئے۔ٹریفک رش ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی کی بسیں ایک ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچنے لگیں۔مظفرآباد میں دو بائی پاس روڈ ہونے کے باوجود ہیوی ٹریفک مین روڈ پر چلنے لگی ۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر کے طلباء و طالبات مین روڈ پر ہیوی ٹریفک ہونے کی وجہ سے دیر سے یونیورسٹی پہنچنے لگے۔

قیمتی وقت کا ضیاع ٹریفک پولیس اور حکومتی نا اہلی کو منہ بولتا ثبوت ہے ۔ مظفرآباد میں دو بائی پاس نلوچھی بائی پاس اور طارق آباد بائی پاس ہونے کے باوجودمرکزی روڈ پر ہیوی ٹریفک جو کہ قانوناً منع ہے اس کے باوجود کثیر تعداد میں گاڑیاں موجود ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ رانگ پارکنگ بھی ہمارے شہر کا بڑا لمیہ ہے ۔اس کے علاوہ روڈ پر تھڑے اور ریڑھیاں اور غیر قانونی تجاوزات بھی ٹریفک رش کا باعث بننے لگے۔

نام نہاد تھڑے اور ریڑھیوں کی بندش کے آپریشن کئے جاتے ہیں ۔دوسرے دن اسی جگہ پر وہی تھڑے ریڑھیاں لگی ہوتی ہیں۔جو اہلکاران سے مک مکا کر کے نصب ہو جاتی ہیں۔ ایک سروے کے مطابق یونیورسٹی کے طلباء سید سفارت حسین نقوی‘زعفران خان ‘سہیل بٹ‘جواد قریشی‘رفاقت اعظم‘عتیق الرحمان و دیگر نے اپنے مسائل بتاتے ہوئے کہا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو طلباء راست اقدام اتر آئیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ طلباء نے وزیر اعظم ‘چیف سیکرٹری‘آئی جی پولیس سے استدعا کی ہے کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دی جائے۔ تاکہ ہمارا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچ سکے۔