حکومت آزادکشمیر اور واپڈا کے درمیان واٹر یوز چارجز اور رائلٹی کے معاملات طے پا گئے

واپڈ آزادکشمیر حکومت کو 42.5پیسے فی یونٹ کے حساب سے ادائیگی کرنے کا پابند ہوگا،دیگر صوبوں کے ٹیرف میں اضافے کی صورت میں آزادکشمیر کو بھی اسی حساب سے اضافی رقم ملے گی، وزیر برقیات آزاد کشمیر

جمعرات 4 فروری 2016 17:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء) حکومت آزادکشمیر اور واپڈا کے درمیان واٹر یوز چارجز اور رائلٹی کے معاملات طے ، واپڈ آزادکشمیر حکومت کو 42.5پیسے فی یونٹ کے حساب سے ادائیگی کرنے کا پابند ہوگا ۔ جب کہ دیگر صوبوں کے ٹیرف کے اضافے کی صورت میں آزادکشمیر کو بھی اسی حساب سے اضافی رقم ملے گی ۔ یہ بات آزادکشمیر کے وزیر برقیات راجہ فیصل راٹھور نے سیکرٹری برقیات فیاض علی عباسی کے ہمراہ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پاور پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد پیدوار شروع ہونے کے ساتھ ہی آزادکشمیر حکومت کو رائلٹی کی مد میں رقم ملنا شروع ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کی رو سے واٹر یوز چارجز رائلٹی کی مد میں واپڈا اس منصوبے کی پیداوار کے بعد آزاد حکومت کو 42.5 پیسے فی یونٹ ادائیگی کرے گا۔

(جاری ہے)

دیگر صوبوں کے ٹیرف میں اضافے کی صورت میں واپڈا ہمارے ریٹ میں بھی اضافہ کرنے کا پابند ہو گا۔

منگلا ڈیم کی نسبت نیلم جہلم منصوبے سے 0.27 روپے فی یونٹ زیادہ رقم ملے گی۔ منگلا ڈیم سے سالانہ 80 کروڑ روپے واٹر یوز چارجز ملتے ہیں جبکہ نیلم جہلم منصوبے سے 2 ارب روپے سالانہ واٹر یوز چارجز وصول ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد حکومت اور واپڈا کے درمیان بجلی کے ٹیرف کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔ اگلا ریٹ مقرر ہونے تک واپڈا ہم سے5.79 روپے فی یونٹ چارج کرے گا۔

واپڈا کی جانب سے 60 ارب کے بقایا جات کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ نئے ریٹ کے مطابق نظرثانی کر کے یہ کم کر کے ایک چوتھائی ہو جائے گا۔ جو فرق ہو گا اس کی ذمہ داری وفاقی حکومت لے گی اور ہمارے ذمہ مستقبل میں کوئی پیسہ بقایا نہیں ہو گا۔ آزاد حکومت کے جاگراں فیز ون کے 30.4 میگاواٹ کے معاہدے پر بھی واپڈا کے ساتھ نظرثانی کی جائے گی جس سے آزاد حکومت مزید ایک ارب روپے سالانہ وصول کرے گی۔

نیلم جہلم پراجیکٹ معاہدے کے تحت آزاد کشمیر میں دو اضافی گرڈ سٹیشن بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 148 میگاواٹ پٹرنڈ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دسمبر میں مکمل ہو جائیگا اور اس کو مظفرآباد سرینگر ہائی وے پر واقع رام پورہ گرڈ سے منسلک کیا جائے گا۔ اس سے ریاست میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ وزیر برقیات نے مزید بتایا کہ آزاد حکومت وادی نیلم میں جاگراں ٹو، نگدر اور دوواریاں میں 100 میگاواٹ کے ہائیڈرو الیکٹرک پاور جنریشن کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

ان منصوبوں سے نیلم، مظفر آباد اور ہٹیاں بالا کے اضلاع میں اپنے وسائل سے بجلی کی کمی دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ حکومت آزادکشمیر اور واپڈا کے درمیان زیر التوا معاہدے پر دستخط ہوجائینگے ۔

متعلقہ عنوان :